محنت کرنے والے افراد کسی بھی معاشرے کی اصل طاقت ہوتے ہیں اور اسلام میں محنت کش کو اللہ کا دوست قرار دیا گیا ہے ، بیرسٹر دانیال چوہدری

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے یوم مئی کے موقع پر محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محنت کرنے والے افراد کسی بھی معاشرے کی اصل طاقت ہوتے ہیں اور اسلام میں محنت کش کو اللہ کا دوست قرار دیا گیا ہے جو اس کے بلند مقام کی واضح عکاسی کرتا ہے

راولپنڈی۔30اپریل (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے یوم مئی کے موقع پر محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محنت کرنے والے افراد کسی بھی معاشرے کی اصل طاقت ہوتے ہیں اور اسلام میں محنت کش کو اللہ کا دوست قرار دیا گیا ہے جو اس کے بلند مقام کی واضح عکاسی کرتا ہے۔ یوم مئی کے حوالے سے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی اور استحکام میں مزدور طبقے کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے اور ان کی انتھک محنت ہی قومی معیشت کو آگے بڑھانے کا سبب بنتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے مزید کہا کہ موجودہ اقتصادی چیلنجز کے باوجود حکومت مزدور طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محنت کشوں کو بہتر روزگار، محفوظ ماحول اور مناسب اجرت کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ انہوں نے یوم مئی کے موقع پر اس عہد کی تجدید بھی کی کہ محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کی عزت و وقار کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح رہے گی کیونکہ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کا خواب محنت کش طبقے کی ترقی سے ہی شرمند تعبیر ہو سکتا ہے۔