پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف ) کے وفد کی وینکوور میں 76ویں فیفا کانگریس کے موقع پر مزید چار اہم ملاقاتیں
پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف ) کے وفد کی وینکوور میں 76ویں فیفا کانگریس کے موقع پر مزید چار اہم ملاقاتیں

مزید خبریں
اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):پاکستان فٹبال فیڈریشن (PFF) کے وفد نے وینکوور میں 76ویں فیفا کانگریس کے موقع پر مزید چار اہم ملاقاتوں کے ساتھ دوطرفہ روابط کے پروگرام کو جاری رکھا۔ پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی، نائب صدر حافظ ذکاء اللہ اور چیف آپریٹنگ آفیسر شاہد نیاز کھوکھر نے تھائی لینڈ فٹبال ایسوسی ایشن، گیانا فٹبال فیڈریشن، نمیبیا فٹبال ایسوسی ایشن اور بارباڈوس فٹبال ایسوسی ایشن کے صدور سے ملاقاتیں کیں۔
تھائی لینڈ فٹبال ایسوسی ایشن کی صدر نوئلفن لامسام کے ساتھ ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی، جہاں انہوں نے پاکستان کو ہر سطح اور ہر ٹیم کے لیے تھائی لینڈ کے دورے کی کھلی دعوت دی، جبکہ تھائی فیڈریشن نے پاکستانی ٹیموں کو مکمل سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
یہ پیشکش وینکوور میں پی ایف ایف کے وفد کے پروگرام کے دوران باہمی تعاون کے جذبے کی عکاس ہے۔ گیانا فٹبال فیڈریشن کے صدر وین فورڈ کے ساتھ ملاقات میں کوچنگ ایجوکیشن، ریفری ڈویلپمنٹ اور تکنیکی تبادلہ پروگراموں پر بات چیت ہوئی، جہاں دونوں فیڈریشنز نے مشترکہ دلچسپی کے کئی شعبوں کی نشاندہی کی۔ نمیبیا فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر رابرٹ شیموشیلی کے ساتھ مذاکرات میں یوتھ فٹبال، ویمنز فٹبال اور طویل المدتی ادارہ جاتی تعلقات کے فروغ کے لیے تبادلہ پروگراموں پر توجہ دی گئی۔
بارباڈوس فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر رینڈی ہیرس جو فیفا کونسل کے رکن بھی ہیں کے ساتھ ملاقات میں فٹسال کی ترقی، ریفری ایجوکیشن اور مرد و خواتین فٹبال میں تعاون پر بات ہوئی، جبکہ مستقبل میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وینکوور میں ہونے والی یہ ملاقاتیں پی ایف ایف قیادت کی وسیع تر سفارتی کوششوں کا حصہ ہیں، جن کا مقصد دوطرفہ شراکت داریوں کو فروغ دینا ہے تاکہ پاکستان میں فٹبال کے ہر سطح پر عملی ترقی کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔








