پی ایس ایل گیارہ کی اختتامی تقریب اتوار کو قذافی سٹیڈیم میں ہوگی،چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی متعلقہ حکام کو شاندار انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت
پی ایس ایل گیارہ کی اختتامی تقریب اتوار کو قذافی سٹیڈیم میں ہوگی،چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی متعلقہ حکام کو شاندار انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت

مزید خبریں
لاہور۔2مئی (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )گیارہ کی اختتامی تقریب کل اتوار کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوگی جس میں پاکستان کے نامور گلوکاروں کی پرفارمنس شائقین کی توجہ کا مرکز بنے گی،گلوکاروں میں عاطف اسلم، علی عظمت، عارف لوہار، آئمہ بیگ اور صابری سسٹرز شامل ہیں۔یہ فنکار اپنی آواز کے جادو سے اس تقریب کو مزید یادگار بنائیں گے۔ تقریب کے دوران شاندار آتش بازی کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جو اس ایونٹ کو چار چاند لگا دے گی۔
پاکستان سپر لیگ 11 فائنل کے حوالے سے تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ گئی ہیں، جہاں شائقین کرکٹ کو ایک شاندار اور یادگار اختتامی تقریب دیکھنے کو ملے گی،اس بڑے ایونٹ کے لیے نہ صرف میچ بلکہ افتتاحی اور اختتامی تقریبات کو بھی خاص اہمیت دی جا رہی ہے،منتظمین کی جانب سے ہر پہلو کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔اس سلسلہ میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں فائنل میچ اور اختتامی تقریب کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں متعلقہ حکام، چیف آپریٹنگ آفیسر، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل اور دیگر ڈائریکٹرز نے شرکت کی اور تمام امور پر بریفنگ دی گئی۔محسن نقوی نے ہدایت جاری کی کہ ایونٹ کے تمام انتظامات کو اعلی معیار کے مطابق مزید بہتر بنایا جائے تاکہ شائقین کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ میگا ایونٹ کے دوران سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور اسٹیڈیم کے اندر سہولیات کو خصوصی اہمیت دی جائے۔
چیئرمین پی سی بی نے شائقین کرکٹ کو ہدایت کی کہ وہ شاندار اختتامی تقریب سے بھرپور لطف اندوز ہونے کے لیے شام 6 بجے تک اسٹیڈیم پہنچ جائیں تاکہ وہ کسی بھی لمحے کو ضائع کیے بغیر تقریب کا حصہ بن سکیں۔








