فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ سے پی ایف یو جے کے وفد کی ملاقات

فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ سے پی ایف یو جے کے وفد کی ملاقات

پیرس۔5مئی (اے پی پی):فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کے لئے شہ رگ کی حیثیت رکھتی ہے اور ملک کے مثبت تشخص کو فروغ دینے میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر رانا عظیم کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔منگل کو پیرس میں پاکستان کے سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق فرانس میں پاکستان کی ​سفیرِ ممتاز زہرا بلوچ نے صحافیوں کا خیرمقدم کیا۔

سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے وفد کو پاکستان-فرانس تعلقات اور تجارت، ثقافت، تعلیم اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لئے سفارتخانہ کے اہم کردار کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے وفد کو یونیسکو میں مواصلات اور معلومات کے حوالے سے اس کے کردار اور اس ضمن میں یونیسکو میں پاکستان کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ رانا عظیم نے سفیر پاکستان کو انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) کی صد سالہ کانگریس کے بارے میں بریفنگ دی جس میں 5 سے 7 مئی 2026 تک 300 سے زائد صحافتی یونینز اور انجمنوں کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔

اس کانگریس کا مقصد مضبوط صحافت اور ٹریڈ یونین ازم کے لئے 100 سالہ بین الاقوامی یکجہتی کا جشن منانا اور مستقبل کے چیلنجز کے لئے مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنا ہے۔​وفد نے سفیر کو پی ایف یو جے کے 5 سالہ سٹریٹجک پلان کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ وفد نے گزشتہ برس بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران پاکستان کے بیانیے کو اجاگر کرنے اور مشرقِ وسطیٰ میں جاری حالیہ تنازعہ کے دوران ثالثی کے لئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہنے پر پاکستانی سفارتکاروں کی خدمات کی تعریف کی۔​وفد کے اراکین میں رانا عظیم، شکیل احمد، طارق عثمانی، جویریہ صدیق، جی ایم جمالی، عبدالرزاق سیال، صائمہ صدیق، عصمت اللہ ہاشوانی، اشرف مجید، احتشام الحق، سیدہ ثناء زہرا، مظہر امانت اور نمرہ نادر شامل تھے۔

مزید خبریں