وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی سے ہیلتھ کیئر ڈیوائسز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وفد کی ملاقات
وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی سے ہیلتھ کیئر ڈیوائسز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وفد کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے ریلوے و خزانہ و محصولات بلال اظہر کیانی سے منگل جو وزارتِ خزانہ میں ہیلتھ کیئر ڈیوائسز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایچ ڈی اے پی) کے ایک وفد نے ملاقات کی۔یہ ملاقات آئندہ وفاقی بجٹ برائے مالی سال 2026-27 کی تیاری کے سلسلے میں حکومت کی جاری سٹیک ہولڈر مشاورت کا حصہ تھی۔
ملاقات میں ہیلتھ کیئر ڈیوائسز کے شعبے سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیاجن میں مجموعی پالیسی ماحول، ٹیکس نظام، صحت کی سہولیات کی دستیابی اور استطاعت میں بہتری، نیز کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے اقدامات شامل تھے۔ایچ ڈی اے پی کے وفد نے شعبے کو درپیش چیلنجز پر اپنی آراء پیش کیں اور پائیدار ترقی، کارکردگی میں بہتری اور صحت کے بہتر نتائج کے حصول کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔
گفتگو میں پالیسی اقدامات کے سرکاری و نجی طبی اداروں پر ممکنہ اثرات، مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مجموعی سروس ڈلیوری پر ان کے مضمرات پر بھی غور کیا گیا۔وزیرِ مملکت نے وفد کی تعمیری مشاورت کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بجٹ سازی کے عمل کو مشاورتی اور جامع بنیادوں پر آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہے۔
انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ آئندہ بجٹ کی تیاری میں ان کی تجاویز کا بغور جائزہ لیا جائے گا تاکہ مالیاتی توازن برقرار رکھتے ہوئے شعبہ جاتی ترقی اور عوامی فلاح کو فروغ دیا جا سکے۔ملاقات میں وزارتِ خزانہ کے سینئر حکام، بشمول ڈائریکٹر جنرل ٹیکس پالیسی آفس، نے بھی شرکت کی۔








