وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی سے فلپ مورس انٹرنیشنل کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات
وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی سے فلپ مورس انٹرنیشنل کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):وزارتِ خزانہ میں وزیرِ مملکت برائے خزانہ و محصولات وریلوے بلال اظہر کیانی سے فلپ مورس انٹرنیشنل (PMI) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت پریزیڈنٹ CIS اینڈ سینٹرل ایشیا مارکو ماریوٹی نے کی۔ ملاقات میں ملک کی بدلتی ہوئی معاشی صورتحال اور قومی صنعتی شعبے میں کمپنی کے کردار پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔وفد نے پاکستان میں کمپنی کے وسیع معاشی کردار، برآمدات اور قومی ٹیکس محصولات میں اس کے نمایاں تعاون سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
ملاقات میں معاشی تعاون کے فروغ، بڑے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے مستحکم مالیاتی ماحول کی اہمیت، اور شعبہ جاتی چیلنجز سے نمٹنے پر گفتگو کی گئی تاکہ قومی محصولات کے تسلسل اور قانونی تجارتی سرگرمیوں کے استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔ وفد نے غیر رسمی تجارت کی روک تھام اور مارکیٹ ریگولیشن کو مضبوط بنانے کے لیے حکومتی اقدامات کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کاروبار دوست ماحول کے فروغ، براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی، اور تمام صنعتی شراکت داروں کے لیے یکساں مواقع کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ مضبوط تجارتی ضوابط کے نفاذ اور پائیدار مالیاتی پالیسیوں کے ذریعے معیشت کے استحکام پر مرکوز ہے۔
ملاقات میں دونوں جانب سے باہمی روابط اور تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اس مسلسل رابطے سے زیادہ پیش گوئی کے قابل ریگولیٹری ماحول کے فروغ اور پاکستان کی طویل المدتی معاشی ترقی و استحکام میں مدد ملنے کی توقع ہے۔








