ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے چیئرمین سی ڈی اے، ایس ایس پی سکیورٹی اسلام آباد اور سی ڈی اے کے اعلیٰ حکام کی ملاقات
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے چیئرمین سی ڈی اے، ایس ایس پی سکیورٹی اسلام آباد اور سی ڈی اے کے اعلیٰ حکام کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے چیئرمین سی ڈی اے، ایس ایس پی سکیورٹی اسلام آباد اور سی ڈی اے کے اعلیٰ حکام نے منسٹر انکلیو میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں پارلیمنٹ لاجز کی مجموعی صورتحال، بالخصوص سکیورٹی، صفائی اور نکاسی آب کے مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے پارلیمنٹ لاجز میں سکیورٹی انتظامات پر اراکین سینیٹ کے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ سکیورٹی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے اور فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ معزز اراکین کی حفاظت میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
انہوں نے ایس ایس پی سکیورٹی کو ہدایت کی کہ سکیورٹی آڈٹ کر کے فوری طور پر بہتری کے اقدامات کئے جائیں اور ایک جامع سکیورٹی پلان مرتب کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔صفائی اور نکاسی آب کے ابتر حالات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیدال خان نے چیئرمین سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ ہنگامی بنیادوں پر صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور نکاسی آب کے دیرینہ مسائل کے حل کے لئے فوری اور مؤثر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ خصوصا خواتین سینٹرز نے اس حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور صفائی کے انتظامات پر ان شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارلیمنٹ لاجز میں رہائش پذیر اراکین کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سی ڈی اے کی ذمہ داری ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
مزید برآں اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں کچی آبادیوں کے خلاف آپریشنز کے حوالے سے بھی اراکین سینیٹ کے تحفظات چیئرمین سی ڈی اے کے سامنے پیش کئے گئے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ہدایت کی کہ ان آپریشنز کو شفاف، منصفانہ اور انسانی ہمدردی کے اصولوں کے مطابق انجام دیا جائے اور منتخب نمائندوں کو اعتماد میں لے کر فیصلے کئے جائیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے اور متعلقہ ادارے پارلیمنٹ لاجز اور وفاقی دارالحکومت میں شہری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں۔
انہوں نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایک مربوط حکمت عملی کے تحت مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے اور پیش رفت سے متعلق باقاعدہ رپورٹ سینیٹ سیکرٹریٹ کو فراہم کی جائے۔ ملاقات اختتام پذیر ہوئی تو اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پارلیمنٹ لاجز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور اراکین سینیٹ کو بہتر، محفوظ اور باوقار رہائشی ماحول فراہم کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔چیئرمین سی ڈی اے اور دیگر حکام نے ڈپٹی چیئرمین سینٹ کو اراکین سینٹ کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔








