چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ معرکہ حق نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا،آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی فورسز کی لازوال قربانیوں کا نتیجہ ہے،بہادر جوانوں نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا کر امن بحال کیا۔
معرکہ حق نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا،علامہ راغب حسین نعیمی

مزید خبریں
لاہور۔10مئی (اے پی پی):چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ معرکہ حق نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا،آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی فورسز کی لازوال قربانیوں کا نتیجہ ہے،بہادر جوانوں نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا کر امن بحال کیا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ میں معرکہ حق وآپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کاایک سال مکمل ہونے پر منعقدہ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیمینار میں شیخ الحدیث مولانا محبوب احمدچشتی،چیئرمین متحدہ علما بورڈ پنجاب مفتی انتخاب احمدنوری،ڈاکٹرسلیمان قادری،مفتی محمدعمران حنفی،مفتی محمدمدنی سعیدی،مولانا غلام مرتضی نقشبندی سمیت ادارے کے اساتذہ، طلبہ اور علمائے کرام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاکہ افواج پاکستان نے ہمیشہ بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت سے ملکی سرحدوں کا دفاع کیا ہے، پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے،ملکی سلامتی کے لیے ہمیں اتحاد کی فضا قائم رکھنا ہوگی،پاکستان اللہ تعالی کی عظیم نعمت ہے ، اس کے دفاع کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے مزید کہاکہ دشمن قوتیں پاکستان کے امن اور استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں لیکن قوم کے اتحاد اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں کی بدولت ان کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے،موجودہ ملکی و عالمی حالات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ ہم انتشار پھیلانے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کریں۔
انہوں نے کہاکہ نوجوان تعمیری سوچ اپنائیں اور ملک دشمن قوتوں کے پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں، قومی یکجہتی ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔ سیمینار میں اظہار خیال کرتے ہوئے مقررین نے نوجوان طلبہ پر زور دیا کہ وہ فرقہ واریت سے بالا تر ہو کر ”بنیان مرصوص” کا عملی نمونہ بنیں،آج امت مسلمہ کو اسی اتحاد اور نظم و ضبط کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ سیمینار کے اختتام پر ملکی سلامتی، اتحاد بین المسلمین اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔








