قومی اسمبلی اجلاس، اراکین کے وفات پاجانے والےعزیز واقارب کی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

قومی اسمبلی میں اراکین کے وفات پا جانے والےعزیز واقارب کی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا جبکہ حالیہ دہشت گردی اور تشدد کے واقعات میں شہادت پانے والے سکیورٹی اہلکاروں اور دیگر افراد کو خراج عقیدت اور ان کے لئے دعائے مغفرت کی گئی

اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):قومی اسمبلی میں اراکین کے وفات پا جانے والےعزیز واقارب کی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا جبکہ حالیہ دہشت گردی اور تشدد کے واقعات میں شہادت پانے والے سکیورٹی اہلکاروں اور دیگر افراد کو خراج عقیدت اور ان کے لئے دعائے مغفرت کی گئی ۔پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران سپیکر نے ایوان کو اعجاز حسین جکھرانی کے 22 سالہ بیٹے اور ایم این اے محمد اقبال خان کی 19 سالہ بیٹی کی اموات سے آگاہ کیا۔ان کے کہنے پر ایوان نے مرحومین کی روح کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔

ایوان نے ایم این اے سردار غلام عباس کے بھائی، ایم این اے دانیال عزیز کے سسر اور سابق ایم این اے فاروق اعظم ملک کی وفات پر بھی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔اراکین نے لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران جان کی قربانی دی۔ایوان نے سابق رکن صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا مولانا محمد ادریس کے لئے بھی فاتحہ خوانی کی گئی۔قومی اسمبلی نے بنوں پولیس سٹیشن پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی اور اس واقعہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لئے دعائے مغفرت کی۔ایم این اے مولانا عبدالغفور حیدری نے فاتحہ خوانی کرائی۔