شدید گرمی اور ہیٹ سٹروک کے مضر اثرات سے تحفظ کےلئے غیر ضروری سفر سے گریز ، پھلوں ، سبزیوں اور مشروبات کا استعمال بڑھانے کی ضرورت ہے۔یہ بات ماہر صحت پروفیسر حکیم سید عمران فیاض نے ایک بیان میں کہی
گرمی سے تحفظ کے لئے غیر ضروری سفر سے گریز ، پھلوں ، سبزیوں اور مشروبات کا استعمال ضروری ہے، سید عمران فیاض
اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):شدید گرمی اور ہیٹ سٹروک کے مضر اثرات سے تحفظ کےلئے غیر ضروری سفر سے گریز ، پھلوں ، سبزیوں اور مشروبات کا استعمال بڑھانے کی ضرورت ہے۔یہ بات ماہر صحت پروفیسر حکیم سید عمران فیاض نے ایک بیان میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ موسم گرما کے دوران شدید گرمی ، لو اور ہیٹ سٹروک کے خطرات سے تحفظ کےلئے زیادہ سے زیادہ پانی پینے کی ضرورت ہے تاکہ جسم میں نمکیات کا تناسب برقرار رکھا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ گرم موسم میں جسم کو ٹھنڈا کرنے والی غذائو ں اور مشروبات کا استعمال زیادہ سے زیادہ کرنے کی ضرورت ہے، اس حوالے سے کھیرے کا جوس، ناریل کا پانی، سنکجبین ، فالسے ، املی اور آلو بخارے کا شربت ، دودھ یا دہی کی کچی لسی مفید ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرمی کے اثرات کو زائل کرنے کےلئے باربی کیو، فاسٹ فورڈز، کولا مشروبات، چائے، کافی، پان اور سگریٹ وغیرہ کا استعمال ترک کردینا چاہیے۔ حکیم عمران فیاض نے کہا کہ ڈھیلے ڈھالے، ہوا دار اور ہلکے رنگوں کے ملبوسات پہننے چاہئیں تاکہ پسینہ جلد خشک ہو سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دن کے وقت بلا ضرورت گھر سے نہیں نکلنا چاہیے اور اگر ایسا کرنا ناگزیر ہو تو سر کو گیلے کپڑے سے ڈھانپنا اور دھوپ میں زیادہ دیر رکنے سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گرم موسم کے دوران باہر نکلتے وقت پانی کی بوتل ہمیشہ اپنے پاس رکھیں اور ہر بیس سے تیس منٹ بعد پانی پینا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ دھوپ وٹامن ڈی کے حصول کا اہم اور آسان ذریعہ ہے لیکن سخت گرمی میں سورج کی الٹراوائلٹ شعاعیں جلد کےلئے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔ سید عمران فیاض نے کہا کہ گرم موسم کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد اور کھانے پینے میں احتیاط سے سے طبی پیچیدگیوں سے بچا جاسکتا ہے۔









