قابلِ اعتماد اور قابلِ دسترس ڈیجیٹل رابطہ کاری مستقبل میں معاشی ترقی کیلئے ناگزیر ہے، صدرِ مملکت آصف علی زرداری

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قابلِ اعتماد اور قابلِ دسترس ڈیجیٹل رابطہ کاری مستقبل میں معاشی ترقی، عوامی خدمات اور تمام پاکستانیوں کے لیے بہتر مواقع تک رسائی کے لیے ناگزیر ہے۔

اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قابلِ اعتماد اور قابلِ دسترس ڈیجیٹل رابطہ کاری مستقبل میں معاشی ترقی، عوامی خدمات اور تمام پاکستانیوں کے لیے بہتر مواقع تک رسائی کے لیے ناگزیر ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق عالمی یومِ ٹیلی کمیونیکیشن و انفارمیشن سوسائٹی 2026 کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے پاکستان کی ٹیلی کمیونی کیشن کمیونٹی اور ملک کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے والے تمام افراد کو مبارکباد دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال کا موضوع ’’ڈیجیٹل لائف لائنز: مربوط دنیا کی مضبوطی‘‘ روزمرہ زندگی میں قابلِ اعتماد اور قابلِ رسائی روابط کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ ڈیجیٹل نیٹ ورکس تعلیم، صحت، تجارت، بینکاری اور عوامی خدمات کے لیے بنیادی ضرورت بن چکے ہیں جبکہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے شہریوں کے لیے یہ رابطہ کاری معاش اور معلومات تک رسائی کا اہم ذریعہ بن گئی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کا ٹیلی کمیونیکیشن شعبہ قومی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مالی سال۔25 ۔2024کے دوران اس شعبے میں 838 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی جبکہ اس نے ایک ہزار 75 ارب روپے کی آمدن پیدا کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 205 ملین سے زائد ٹیلی کام صارفین اور 161 ملین سے زیادہ براڈبینڈ صارفین موجود ہیں جنہیں فائبر آپٹک نیٹ ورک، سب میرین کیبل سسٹمز اور ملک گیر موبائل کوریج کی سہولت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ مارچ 2026 میں پاکستان کے آئی ایم ٹی/فائیو جی اسپیکٹرم آکشن کی کامیاب تکمیل ملک کے ڈیجیٹل مستقبل کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اس نیلامی سے قومی خزانے کو 509.6 ملین ڈالر حاصل ہوئے اور موبائل آپریٹرز کے لیے اسپیکٹرم کی دستیابی میں اضافہ ہوا جس سے تیز رفتار اور قابلِ اعتماد معلوماتی رابطوں کی بنیاد فراہم ہوئی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ملک بھر میں ڈیجیٹل رسائی اور رابطہ کاری کو بہتر بنانے کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسل سروس فنڈ کے ذریعے براڈبینڈ اور وائس سروسز لاکھوں ایسے افراد تک پہنچائی گئی ہیں جو پہلے ان سہولیات سے محروم تھے جبکہ فائبر نیٹ ورک کی توسیع، سرمایہ کاری کے فروغ اور دور دراز علاقوں کے لیے سیٹلائٹ کمیونی کیشن ضوابط کو حتمی شکل دینے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔صدر مملکت نے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن،پی ٹی اے سیلولر موبائل آپریٹرز اور دیگر شراکت داروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے پاکستان کے ڈیجیٹل نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔