بھارتی آرمی چیف کے پاکستان مخالف دھمکی آمیز بیانات ناقابلِ قبول، پوری قوم دفاعِ وطن کے لیے متحد ہے: راجیش کمار ہرداسانی

قومی پیغام امن کمیٹی پاکستان کے رکن راجیش کمار ہرداسانی نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کی جانب سے پاکستان کے خلاف دیے گئے دھمکی آمیز بیانات انتہائی افسوسناک اور ناقابلِ قبول ہیں۔

حیدرآباد۔ 17 مئی (اے پی پی):قومی پیغام امن کمیٹی پاکستان کے رکن راجیش کمار ہرداسانی نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کی جانب سے پاکستان کے خلاف دیے گئے دھمکی آمیز بیانات انتہائی افسوسناک اور ناقابلِ قبول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت کو ماضی قریب میں’’بنیان المرصوص، معرکۂ حق‘‘ کے دوران پاکستان کی دفاعی صلاحیت، قومی یکجہتی اور مضبوط عزم کو نہیں بھولنا چاہیے، جس میں پاکستانی قوم اور افواج نے بھرپور انداز میں اپنے دفاع کا عملی مظاہرہ کیا ۔ راجیش کمار ہرداسانی نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن مگر خوددار اور مضبوط ایٹمی ریاست ہے، جس کی افواج اور عوام ملک کے دفاع کے لیے مکمل طور پر متحد ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت یا دھمکی کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور بہتر تعلقات کا خواہاں ہے، تاہم اگر ملک کی خودمختاری، سالمیت یا قومی وقار کو چیلنج کیا گیا تو پوری قوم متحد ہو کر اپنے دفاع کے لیے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک حقیقت ہے اور ایک مضبوط ریاست کے طور پر ہمیشہ قائم و دائم رہے گا، جسے کوئی بھی طاقت نقصان نہیں پہنچا سکتی۔