وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوچی کاجیولوجیکل سروے آف پاکستان کے جیو سائنس ایڈوانس ریسرچ لیبارٹریز (جی اے آر ایل) کے دورے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان پٹرولیم، جیو سائنسز اور معدنی تحقیق کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا
پاکستان اور جاپان کے درمیان پٹرولیم، جیو سائنسز اور معدنی تحقیق کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا، وفاقی وزیر پٹرولیم

مزید خبریں
اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوچی کاجیولوجیکل سروے آف پاکستان کے جیو سائنس ایڈوانس ریسرچ لیبارٹریز (جی اے آر ایل) کے دورے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان پٹرولیم، جیو سائنسز اور معدنی تحقیق کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔منگل کو پٹرولیم ڈویژن سےجاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر نے پاکستان اور جاپان کے درمیان جیو سائنسز اور معدنی تحقیق کے میدان میں طویل عرصے سے جاری سائنسی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ جاپانی حکومت اورجاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کی معاونت سے جی اے آر ایل کا قیام اور اس کی ترقی دونوں ممالک کے درمیان مضبوط سائنسی شراکت داری کی ایک اہم مثال ہے۔وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان حکومت معدنیات کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے اور روایتی طرز تلاش و استخراج کی جگہ جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جا رہی ہے تاکہ پائیدار ترقی، بہتر پیداواری استعداد اور معدنی صنعت میں ویلیو ایڈیشن کو فروغ حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ جدید سائنسی تحقیق اور جدید آلات کے استعمال سے معدنی وسائل کی بہتر انداز میں نشاندہی اور موثر استعمال ممکن بنایا جا رہا ہے۔دورے کے دوران جی اے آر ایل کی تاریخ، ارتقائی مراحل، جدید کاری اور موجودہ تحقیقی و تکنیکی صلاحیتوں پر مشتمل ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔
بعد ازاں وفاقی وزیر اور جاپانی سفیر نے لیبارٹری کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اورجیولوجیکل سروے آف پاکستان کےسائنسدانوں اور ماہرین سے ملاقات کی جنہوں نے انہیں جاری تحقیقی سرگرمیوں اور جدید تجزیاتی سہولیات سے آگاہ کیا۔جاپانی سفیر اکاماتسو شوچی نے پاکستان کی جانب سے سائنسی انفراسٹرکچر کی مضبوطی اور تحقیق کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جاپان جیو سائنسز کے شعبے میں تکنیکی تعاون، سائنسی تبادلوں اور استعداد کار میں اضافے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔اعلامیہ کے مطابق دونوں فریقین نے جیولوجیکل سروے آف پاکستان اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے درمیان جدید تجزیاتی سائنس، لیبارٹری طریقہ کار، سائنسی ورک فلو، تکنیکی تربیت اور استعداد کار بڑھانے سے متعلق جاری روابط پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پاکستان اور جاپان کے درمیان پٹرولیم، جیو سائنسز اور معدنی تحقیق کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔تقریب میں وزارت پٹرولیم،جیولوجیکل سروے آف پاکستان، جاپانی سفارتخانے اور جائیکا پاکستان آفس کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔








