وفاقی وزیر بحری امور سےکویت کے سفیر کی ملاقات، بحری و توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری سےکویت کے سفیر ناصر عبدالرحمن جاسر المطیری نے ملاقات کی۔ ملاقات میں میری ٹائم سیکٹر، انرجی سٹی اور بندرگاہی انفراسٹرکچر منصوبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری سےکویت کے سفیر ناصر عبدالرحمن جاسر المطیری نے ملاقات کی۔ ملاقات میں میری ٹائم سیکٹر، انرجی سٹی اور بندرگاہی انفراسٹرکچر منصوبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جمعرات کو وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا کہ گوادر اور پورٹ قاسم میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور پاکستان ایل پی جی، ایل این جی اور خام تیل ذخیرہ منصوبوں میں کویت کی شراکت داری کا خیر مقدم کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں انرجی اسٹوریج قائم کرنے کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔ ملاقات کے دوران کویتی سفیر نے پاکستان کے بحری اور توانائی منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان میری ٹائم سیکٹر میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر بحری امور نے کویتی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔