لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے منشیات کی فروخت سے جائیدادیں بنانے اور منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت درج مقدمے میں ملزمہ رمشا اور ماریا کی عبوری ضمانتیں خارج کر دیں
منی لانڈرنگ کے مقدمے میں عبوری ضمانتیں خارج

مزید خبریں
لاہور۔21مئی (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے منشیات کی فروخت سے جائیدادیں بنانے اور منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت درج مقدمے میں ملزمہ رمشا اور ماریا کی عبوری ضمانتیں خارج کر دیں۔جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیا باجوہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے درخواستوں پر سماعت کی۔ اے این ایف کی جانب سے ایڈووکیٹ یاسر صدیقی نے عدالت میں دلائل دیے۔ پراسیکیوشن کے مطابق 19 فروری2026 کو درج مقدمے میں ملزمان پر منشیات کے پیسے سے جائیدادیں بنانے کا الزام ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ماریا سمیت دیگر افراد کے خلاف بھی مقدمات درج ہیں جبکہ ملزم بہنوں کی والدہ منشیات کیس میں جیل میں ہے اور دو بہنیں مفرور ہیں۔ اے این ایف کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ منشیات فروشی سے بنائی گئی جائیدادیں منی لانڈرنگ کے زمرے میں آتی ہیں، لہذا درخواست ضمانتیں مسترد کی جائیں۔ دوسری جانب درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم بہنوں کو والد کی جانب سے چار مکانات وراثت میں ملے تھے، جنہیں فروخت کر کے نئی جائیدادیں بنائی گئیں۔ وکیل کے مطابق منشیات کے ذریعے اثاثے بنانے کا الزام بے بنیاد ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد دونوں ملزمہ بہنوں کی عبوری ضمانتیں خارج کر دیں۔








