پی ایچ ایف کا بیلجیئم اور انگلینڈ کے خلاف پرو ہاکی لیگ کیلئے 20رکنی قومی سکواڈ کا اعلان

پی ایچ ایف کا بیلجیئم اور انگلینڈ کے خلاف پرو ہاکی لیگ کیلئے 20رکنی قومی سکواڈ کا اعلان

لاہور۔21مئی (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بیلجیئم اور انگلینڈ میں شیڈول آئندہ ایف آئی ایچ پرو لیگ میچز کے لیے 20 رکنی فائنل پاکستان سینئر مینز ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ قومی اسکواڈ کا اعلان نیشنل سلیکشن کمیٹی کی سفارشات پر پی ایچ ایف صدر کی منظوری کے بعد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق سلیکشن کا عمل 19اور 20مئی کو منعقد ہونے والے ٹرائلز کے بعد مکمل طور پر شفاف انداز میں انجام دیا گیا جہاں ابتدائی طور پر 21کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا جس کے بعد خالصتا میرٹ کی بنیاد پر اسکواڈ کو 20کھلاڑیوں تک محدود کیا گیا۔ متبادل (ریزرو) کھلاڑیوں کی فہرست کا اعلان سلیکشن کمیٹی کی جانب سے الگ سے کیا جائے گا۔اعلان کردہ 20رکنی اسکواڈ میں دو گول کیپرز وقار اور علی رضا شامل ہیں جبکہ ڈیفنڈرز میں ابو بکر، ارباز احمد، محمد عبداللہ اور سفیان خان کو شامل کیا گیا ہے۔

مڈفیلڈرز میں ندیم خان، عماد شکیل بٹ، معین شکیل، حماد انجم اور زکریا حیات شامل ہیں۔ اسٹرائیکرز الیون میں غضنفر علی، محمد عماد، رانا ولید، عبدالرحمن، افراز خان، رانا وحید، احمد ندیم، ارشد لیاقت اور حنان شاہد پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ قومی ٹیم کو پرو لیگ کے لیے بہترین انتظامی، مالی اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کی جا رہی ہے۔ کھلاڑیوں کا روزانہ کا وظیفہ (ڈیلی الائونس)بڑھا کر 110امریکی ڈالر فی کھلاڑی کر دیا گیا ہے، جس کی پیشگی ادائیگی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

اس کے علاوہ دورے کے دوران ٹیم کے لیے بہترین رہائش اور لاجسٹک انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ انگلینڈ اور بیلجیئم میں متعین پاکستانی سفارت خانوں کو بھی ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ میچز کے دوران کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کریں۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں نے ٹریننگ کیمپ کے دوران سخت محنت کی ہے اور روانگی تک ان کی مشقیں جاری رہیں گی۔ انگلینڈ اوربیلجیئم میں ایف آئی ایچ پرو لیگ میچز میں شرکت سے قومی کھلاڑیوں کو بہترین بین الاقوامی ایکسپوژر اور تجربہ حاصل ہوگا، جو کہ آئندہ ہاکی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں انتہائی اہم ثابت ہوگا۔

مزید خبریں