سگریٹ نوشی اور نکوٹین کا استعال ہیئر ٹرانسپلانٹ سرجری کے نتائج کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے،ڈاکٹر رانا عرفان

سگریٹ نوشی اور نکوٹین کا استعال ہیئر ٹرانسپلانٹ سرجری کے نتائج کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے،ڈاکٹر رانا عرفان

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):اسلام آباد کے ماہر ہیئر ٹرانسپلانٹ سرجن ڈاکٹر رانا عرفان نے عوام کو خبر دار کیا ہے کہ سگریٹ نوشی اور نکوٹین کا استعال ہیئر ٹرانسپلانٹ سرجری کے نتائج کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔سگریٹ نوشی کی وجہ سے خون کی نالیاں سکڑ جاتی ہیں جس کے نتیجے میں ٹرانسپلانٹ کیے گئے بالوں تک خون اور آکسیجن کی فراہمی شدید متاثر ہوتی ہے۔ سگریٹ نوش افراد کو ہیئر ٹرانسپلانٹ سرجری سے پہلے مکمل طور پر نکوٹین ترک کرنی چاہیے۔

جمعرات کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ہیئر ریسٹوریشن سوسائٹی آف پاکستان کے دیگر ساتھیوں ڈاکٹر مبشر،ڈاکٹر اشفاق خان،ڈاکٹر جواد جہانگیر،ڈاکٹر ضیاء اللہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈا کٹر رانا عرفان کا مزید کہنا تھا کہ ماہرین کے مطابق نئے ٹرانسپلانٹ کیے گئے ہیئر فولیکلز ابتدائی دنوں میں نہایت نازک ہوتے ہیں اور ان کی کامیاب نشوونما کے لیے مناسب خون کی فراہمی اور نئی باریک خون کی نالیوں کی تشکیل ضروری ہوتی ہے نکوٹین اس قدرتی عمل کو متاثر کرتی ہے، جس کے باعث نئے بالوں کی جڑیں کمزور پڑ جاتی ہیں،گرافٹس کی نشوونما رک سکتی ہے،بال نہ اگنے یا بہت کم اگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے،انفیکشن اور جلدی پیچیدگیوں کے امکانات بڑھ جاتے ہیں ۔

یعنی جلد کے خراب ہونے کا خطرہ بھی پیدا ہو سکتا ہے، Tissue Necrosis بعض مریضوں میں ہیئر ٹرانسپلانٹ صرف گرافٹس نکالنے کا نام نہیں بلکہ مریض کے مستقل اور قیمتی ڈونر ایریا کو محفوظ رکھتے ہوئے مستقبل کی منصوبہ بندی کا عمل ہےاگر سگریٹ نوشی کی وجہ سے گرافٹس” ضائع ہو جائیں تو یہ نقصان ناقابل تلافی ہوتا ہے لہذاٰسگریٹ نوش افراد کو ہیئر ٹرانسپلانٹ سرجری سے پہلے مکمل طور پر نکوٹین ترک کرنی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ سرجری سے کم از کم 2 سے 4 ہفتے پہلے سگریٹ نوشی ترک کرنا ضروری ہے،سرجری کے بعد کم از کم 12 سے 16 ہفتےتک مکمل پرہیز انتہائی اہم ہے،اس میں سگریٹ، وپینگ، شیشہ، نکوٹین گمز اور تمام نکوٹین مصنوعات شامل ہیں۔

اس عوامی آگاہی مہم کا مقصد لوگوں کو غیرمحفوظ اور کمرشلائز ہیئر ٹرانسپلانٹ طریقوں سے بچانا اور سائنسی بنیادوں پر درست معلومات فراہم کرنا ہے،ہیئر ریسٹوریشن سوسائٹی آف پاکستان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ہیئر ٹرانسپلانٹ کروانے سے پہلے مستند اور تجربہ کار سرجنز سے مشورہ کریں اور سرجری کے نتائج کو بہتر بنانے کے لیے سگریٹ نوشی سے مکمل اجتناب کریں تاکہ کسی بھی نازک صورتحال سے بچا جا سکے۔