پاکستان میں آئی بی آئی ڈیجیٹل اکنامی ہیڈکوارٹر کا باضابطہ افتتاح ، پاک چین ڈیجیٹل تعاون اور سرمایہ کاری کے نئے دور کا آغاز ہے ، شزہ فاطمہ خواجہ

پاکستان میں آئی بی آئی ڈیجیٹل اکنامی ہیڈکوارٹر کا باضابطہ افتتاح ، پاک چین ڈیجیٹل تعاون اور سرمایہ کاری کے نئے دور کا آغاز ہے ، شزہ فاطمہ خواجہ

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):پاکستان اور چین کے درمیان ڈیجیٹل معیشت، ٹیکنالوجی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں چینی ٹیکنالوجی کمپنی آ ئی بی آ ئی بیجنگ یونائٹیڈ ٹیکنالوجی کے پاکستان میں ڈیجیٹل اکنامی ہیڈکوارٹر کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ گزشتہ سال وزیراعظم کے دورۂ چین کے دوران آئی بی آئی کے ساتھ شروع ہونے والی بات چیت آج عملی شکل اختیار کر چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی بی آئی ڈیجیٹل اکنامی ہیڈکوارٹر پاکستان کے اسپیشل ٹیکنالوجی زون میں قائم کیا جا رہا ہے، جو ملکی ڈیجیٹل معیشت کے فروغ اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

شزا فاطمہ نے کہا کہ ایس آ ئی ایف سی کے تحت “ہول آف گورنمنٹ اپروچ” نے ماضی کی رکاوٹوں اور چیلنجز کو دور کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق ایس آئی ایف سی کی متحرک قیادت نے مختلف اداروں کے درمیان رابطوں کو مؤثر بنا کر سرمایہ کاری کے عمل کو تیز کیا۔آئی بی آئی کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر Qian Xiaojun نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس آئی ایف سی ایک انتہائی مؤثر ادارہ ہے جس نے سرحد پار تعاون کے فروغ کے لیے بھرپور کوششیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کی جانب سے کمپنی کو نہایت مخلص، پُرجوش اور مؤثر معاونت فراہم کی گئی۔چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ آئی بی آئی کے پورٹل کے ذریعے پاکستانی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو تقریباً 31 لاکھ چینی کمپنیوں تک براہِ راست رسائی حاصل ہو سکے گی، جس سے دوطرفہ تجارت اور برآمدات کے فروغ میں مدد ملے گی۔فریش پروڈیوس اینڈ فوڈ سیکٹر کے نمائندے محمد ریاض نے کہا کہ ایس آئی ایف سی نے پاکستان میں کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور کاروباری عمل کو تیز کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔