رافیل نڈال کی زندگی پر مبنی نیٹ فلکس ڈاکیومنٹری 29مئی کو جاری ہوگی

ٹینس کی دنیا کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے ہسپانوی بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار رافیل نڈال نے کہا ہے کہ ان کی نئی نیٹ فلکس ڈاکیومنٹری میں ان کی زندگی، کیریئر، کامیابیوں اور مشکلات کو مکمل دیانت داری اور حقیقت پسندی کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

میڈرڈ۔22مئی (اے پی پی):ٹینس کی دنیا کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے ہسپانوی بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار رافیل نڈال نے کہا ہے کہ ان کی نئی نیٹ فلکس ڈاکیومنٹری میں ان کی زندگی، کیریئر، کامیابیوں اور مشکلات کو مکمل دیانت داری اور حقیقت پسندی کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔یہ ڈاکیومنٹری 29 مئی کو جاری کی جائے گی، جو فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دوران نشر ہوگی۔میڈرڈ میں ڈاکیومنٹری کی خصوصی نمائش کے موقع پر فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے رافیل نڈال نے کہا کہ وہ چاہتے تھے کہ ان کی کہانی کو حقیقی انداز میں دکھایا جائے، نہ کہ صرف کامیابیوں تک محدود رکھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکیومنٹری میں ان کے کھیل کے سفر کے ساتھ انجری، ذہنی دباؤ، غیر یقینی صورتحال اور ریٹائرمنٹ جیسے مشکل مراحل کو بھی شامل کیا گیا ہے۔رافیل نڈال نے بتایا کہ ڈاکیومنٹری کی عکس بندی ان کے کیریئر کے آخری سیزن کے دوران کی گئی، جب وہ انجری اور کولہے کی سرجری کے بعد دوبارہ ٹینس کورٹ میں واپسی کی کوشش کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ وہ مکمل فٹنس حاصل نہ کر سکے اور یہی حقیقت اس ڈاکیومنٹری کا اہم حصہ ہے۔22 گرینڈ سلام ٹائٹلز جیتنے والے رافیل نڈال نے کہا کہ اس منصوبے کے دوران انہوں نے اپنی زندگی کے تمام پہلوؤں کو کھل کر بیان کیا تاکہ مداح ان کے اصل جذبات اور تجربات کو سمجھ سکیں۔ ان کے بقول ڈاکیومنٹری میں وہ تمام لمحات شامل ہیں جب انہیں اپنے مستقبل، صحت اور کھیل سے متعلق اہم فیصلوں کا سامنا کرنا پڑا۔ رافیل نڈال نے کہا کہ ابتدا میں وہ اپنی زندگی کے اس مشکل باب کو عوام کے سامنے لانے کے حق میں نہیں تھے، تاہم ان کے قریبی ساتھیوں اور مشیروں نے انہیں اس منصوبے پر آمادہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مداح اس ڈاکیو منٹری کو پسند کریں گے۔واضح رہے کہ رافیل نڈال نے دو دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط شاندار کیریئر میں 2 گرینڈ سلام ٹائٹلز اپنے نام کیے، جبکہ فرنچ اوپن میں ریکارڈ 14 مرتبہ کامیابی حاصل کرکے انہیں “کنگ آف کلے” بھی کہا جاتا ہے۔ گزشتہ برس انہوں نے پیشہ ورانہ ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔