پارلیمانی سیکرٹر ی برائے وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت فرح ناز اکبر نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ مین لائن-1 (ایم ایل-1) ریلوے پراجیکٹ ریل کی حفاظت میں نمایاں بہتری لائے گا اور پاکستان ریلویز کو جدید بنانے میں مدد دے گا
مین لائن۔1 ریلوے پراجیکٹ ریل کی حفاظت میں نمایاں بہتری لائے گا، فرح ناز اکبر

مزید خبریں
اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹر ی برائے وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت فرح ناز اکبر نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ مین لائن-1 (ایم ایل-1) ریلوے پراجیکٹ ریل کی حفاظت میں نمایاں بہتری لائے گا اور پاکستان ریلویز کو جدید بنانے میں مدد دے گا۔جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم ایل-1 پراجیکٹ کی سنگ بنیاد کی تقریب پہلے ہی ہو چکی ہے اور اس اقدام سے ٹرین کے پٹری سے اترنے اور حادثات کے بڑے مسائل حل ہونے کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں زیادہ تر ریلوے حادثات پٹری سے اترنے کی وجہ سے ہوتے ہیں، اور پراجیکٹ مکمل ہونے کے بعد یہ صورتحال بہتر ہونے کی امید ہے۔پارلیمانی سیکریٹری نے بتایا کہ یہ پراجیکٹ تین سال کے اندر ریلوے آپریشنز اور مسافروں کی حفاظت میں بڑی بہتری لائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نئی ریلوے پٹریاں بچھائی جا رہی ہیں، جبکہ کراچی–روہڑی سیکشن پر کام بھی شروع ہو چکا ہے اور مسلسل پیش رفت ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریلوے سٹیشنوں پر حفاظتی اقدامات اور سہولیات دستیاب ہیں، البتہ دیہی علاقوں میں ان کا نفاذ میں مزید وقت لگے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان ریلویز چند ایسے اداروں میں سے ایک ہے جو خود بڑی آمدنی پیدا کرتا ہے۔انہوں نے ایوان کو بتایا کہ محکمہ نے اپنے وسائل سے 100 ملین روپے پیدا کیے جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کے لیے حکومت کی طرف سے اضافی 70 ملین روپے کی گرانٹ دی گئی۔








