چیئرمین سینیٹ کا دارِ علی ابن ابی طالب یتیم خانہ و سکول کا دورہ، فلاحی و تعلیمی خدمات کو سراہا

چیئرمین سینیٹ کا دارِ علی ابن ابی طالب یتیم خانہ و سکول کا دورہ، فلاحی و تعلیمی خدمات کو سراہا

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد میں قائم دارِ علی ابن ابی طالب یتیم خانہ و سکول کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعلیمی و رہائشی سہولیات، کلاس رومز، ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز اور تفریحی مقامات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ و طالبات اور تدریسی عملے سے ملاقات کی اور یتیم بچوں کو فراہم کی جانے والی تعلیم، نگہداشت اور تربیت کے معیار کو سراہا۔

سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے ادارے کی انتظامیہ اور اساتذہ کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یتیم اور معاشرے کے کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے بچوں کی فلاح و بہبود اور تعلیم ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ معیاری تعلیم، فنی مہارتوں کی فراہمی اور سازگار ماحول بچوں کو باصلاحیت اور خودمختار شہری بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

دورے کے دوران چیئرمین سینیٹ کو ادارے کی تعلیمی، فلاحی اور تربیتی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے اس سلسلے میں مسلم ورلڈ لیگ کی جانب سے انسانی خدمت اور سماجی بہبود کے میدان میں انجام دی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے معاشرے کے محروم طبقات کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آرگنائزیشن کے ریجنل ڈائریکٹر سعد مسعود الحارثی بھی موجود تھے۔

انہوں نے چیئرمین سینیٹ کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے ملتان کی تاریخی، تہذیبی اور ثقافتی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور پاکستان کی قدیم روایات اور ثقافتی ورثے سے آگاہ کیا۔دورے کے اختتام پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات سے تعلق رکھنے والے بچوں کے لیے تعلیمی مواقع اور فلاحی سہولیات کے فروغ کے لیے اپنی بھرپور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔