نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے جی ٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کیلئے انسداد تجاوزات مہم کا آغاز کر دیا

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے جی ٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کیلئے انسداد تجاوزات مہم کا آغاز کر دیا

راولپنڈی۔22مئی (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (این ایچ ایم پی) نارتھ زون N-5 نے جی ٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور مسافروں کو محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے انسداد تجاوزات مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ مہم کے تحت مختلف شہروں اور اہم مقامات پر قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

موٹروے پولیس حکام کے مطابق جھنگی سیداں، سنگجانی، مارگلہ ہلز کے اطراف اور راوت کے علاقوں میں خصوصی کارروائیاں کی جا رہی ہیں جہاں تجاوزات کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی تھی۔ N-5 نارتھ زون کے دائرہ اختیار میں پشاور، نوشہرہ، کامرہ، ٹیکسلا، ترنول، راوت، گوجر خان، جہلم، لالہ موسیٰ، گجرات اور گوجرانوالہ سمیت مختلف علاقوں میں بھی آپریشن جاری ہے۔ حکام نے بتایا کہ انسداد تجاوزات مہم نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے)، مقامی حکومتوں اور تحصیل میونسپل انتظامیہ کے تعاون سے مؤثر انداز میں جاری ہے تاکہ قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنایا جا سکے اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

ڈی ایس پی محمود الرحمٰن کی نگرانی میں بھاری مشینری کے ذریعے بعض پیٹرول پمپس کی جانب سے گرین بیلٹس میں کی گئی غیر قانونی توسیعات کو مسمار کیا گیا جبکہ سڑک کنارے قائم تجاوزات، کھوکھے، ہوٹل اور غیر قانونی اشتہاری بورڈز بھی ہٹا دیئے گئے۔ قومی شاہراہ پر تجاوزات قائم کرنے والے متعدد افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کر لیے گئے ہیں۔ موٹروے پولیس نے مستقل نگرانی اور مؤثر کارروائیوں کے لیے ڈی ایس پی محمود الرحمٰن کی سربراہی میں خصوصی انسداد تجاوزات سکواڈ بھی تشکیل دے دیا ہے جو متاثرہ علاقوں میں باقاعدگی سے مانیٹرنگ اور آپریشن کرے گا۔

شہریوں نے موٹروے پولیس کی اس مہم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی بلکہ قومی شاہراہوں پر سفر مزید محفوظ اور سہل ہو گا۔ این ایچ ایم پی حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی شاہراہوں پر نظم و ضبط برقرار رکھنے، ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے انسداد تجاوزات مہم بلا امتیاز جاری رکھی جائے گی جبکہ خلاف ورزیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔