ڈی آئی جی سکیورٹی کا وفاقی شرعی عدالت اور اسلام آباد ہائیکورٹ کا دورہ

ڈی آئی جی سکیورٹی اسلام آباد رانا عمر فاروق نے وفاقی شرعی عدالت اور اسلام آباد ہائیکورٹ کا تفصیلی دورہ کیا، دورے کا مقصد دونوں اہم عدالتی عمارات میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا اور موجودہ حفاظتی اقدامات کی موثر نگرانی کو یقینی بنانا تھا

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):ڈی آئی جی سکیورٹی اسلام آباد رانا عمر فاروق نے وفاقی شرعی عدالت اور اسلام آباد ہائیکورٹ کا تفصیلی دورہ کیا، دورے کا مقصد دونوں اہم عدالتی عمارات میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا اور موجودہ حفاظتی اقدامات کی موثر نگرانی کو یقینی بنانا تھا۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق اس موقع پر ڈی آئی جی سکیورٹی نے سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور انہیں ڈیوٹی کے دوران انتہائی چوکنا، پیشہ ورانہ اور ذمہ دارانہ رویہ اپنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں جیسے حساس اور اہم اداروں کی سکیورٹی اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے داخلی و خارجی راستوں، واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمروں کی فعالیت سمیت مجموعی سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ ڈیوٹی پرموجود افسران کو مزید موثر نگرانی، مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت کی۔ڈی آئی جی سکیورٹی نے مزید کہا کہ اسلام ا ٓباد پولیس جدید سکیورٹی تقاضوں کے مطابق تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لارہی ہے تاکہ شہریوں کو ایک محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔