فیفا انڈر 17 ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر، کینیا اور یوگنڈا کا میچ 1-1 سے برابر

فیفا انڈر 17 ویمنز ورلڈ کپ 2026 کے کوالیفائنگ مرحلے میں کینیا اور میزبان یوگنڈا کے درمیان میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-1 سے برابر ہوگیا

کمپالا۔23مئی (اے پی پی):فیفا انڈر 17 ویمنز ورلڈ کپ 2026 کے کوالیفائنگ مرحلے میں کینیا اور میزبان یوگنڈا کے درمیان میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-1 سے برابر ہوگیا ۔ شنہوا کے مطابق میچ کمپالا کے فوفا کادیبا سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔یوگنڈا کی شادیا نبیریے نے 13ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو کینیا کی ویمنز فٹ بال ٹیم کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلائی۔ اس موقع پر امیکولیٹ آچین کی شاندار موو کے بعد کینیا کی گول کیپر مشیل اوکویو نے ابتدائی شاٹ روک لیا تھا، تاہم نبیریے نے ریباؤنڈ پر گیند جال میں پہنچا دی۔کینیا نے گول کے بعد جارحانہ کھیل پیش کیا اور برابر کرنے کی کوششیں جاری رکھیں۔ دوسرے ہاف میں کوچ نے اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے ایملی ادھیامبو اور گاؤڈینشیا مالوبا کو میدان میں اتارا، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے۔ایملی ادھیامبو نے 61ویں منٹ میں پنالٹی ایریا سے باہر سے شاندار لانگ رینج شاٹ پر گول کرکے مقابلہ برابر کر دیا۔میچ کے آخری لمحات میں دونوں ٹیموں نے فیصلہ کن گول کرنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم کوئی بھی ٹیم کامیاب نہ ہوسکی۔کینیا کی ہیڈ کوچ ملڈریڈ چیچے نے میچ کے بعد کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ان کی ٹیم نے ایک گول کے خسارے کے باوجود حوصلہ نہیں ہارا اور مضبوط یوگنڈا کے خلاف میچ میں واپسی کی۔دوسری جانب یوگنڈا کی کوچ شیرل یولانڈا بوٹس نے کہا کہ ان کی ٹیم نے کئی اچھے مواقع بنائے لیکن کھلاڑی گول کرنے میں ناکام رہیں۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا مرحلہ آئندہ ہفتے نیروبی میں کھیلا جائے گا ۔

مزید خبریں