وزیرِ اعظم کا دورۂ چین پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کے عزمِ نو کا اظہار ہے، ضمیر اسدی

چائنا انٹرنیشنل پریس کمیونیکیشن سینٹر کے ریسرچ فیلو محمد ضمیر اسدی نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے حالیہ دورۂ چین کو غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ محض ایک رسمی یا سفارتی دورہ نہیں بلکہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ، مضبوط اور آزمودہ اسٹریٹجک شراکت داری کے عزمِ نو کا واضح اور طاقتور اظہار ہے

اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):چائنا انٹرنیشنل پریس کمیونیکیشن سینٹر کے ریسرچ فیلو محمد ضمیر اسدی نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے حالیہ دورۂ چین کو غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ محض ایک رسمی یا سفارتی دورہ نہیں بلکہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ، مضبوط اور آزمودہ اسٹریٹجک شراکت داری کے عزمِ نو کا واضح اور طاقتور اظہار ہے۔اتوار کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور اسٹریٹجک لحاظ سے زیادہ اہم ہوتے جا رہے ہیں۔ دونوں ممالک نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا اور باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور علاقائی امن و استحکام کے وژن کو فروغ دیا۔ضمیر اسدی نے کہا کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے اور عالمی سطح پر تیزی سے بدلتی ہوئی جیوپولیٹیکل صورتحال نئے چیلنجز اور مواقع پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تناظر میں پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک ہم آہنگی کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی، زراعت، توانائی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔ خاص طور پر چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور کے دوسرے مرحلے کے تحت صنعتی تعاون، خصوصی اقتصادی زونز، گرین انرجی اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں میں پیش رفت متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ چین ہمیشہ پاکستان کا قابلِ اعتماد دوست ثابت ہوا ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات محض حکومتوں تک محدود نہیں بلکہ عوامی سطح پر بھی گہرے جذباتی اور تاریخی رشتوں پر مبنی ہیں۔ ضمیر اسدی نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان “آئرن برادرز” کی شراکت داری علاقائی امن، اقتصادی ترقی اور رابطہ کاری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے اس دورے سے نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت ملے گی بلکہ سرمایہ کاری، اقتصادی بحالی اور علاقائی تعاون کے حوالے سے بھی مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور چین آنے والے برسوں میں اپنی شراکت داری کو مزید وسعت دیتے ہوئے مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے نئے اہداف حاصل کریں گے۔

مزید خبریں