وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہےکہ حجاج کرام ارضِ مقدس میں پاکستان کے سفیر ہیں، اپنے بہترین اخلاق سے ملک کا مثبت چہرہ روشن کریں اور سعودی حکومت کی جانب سے جاری کردہ شیڈول اور قوانین کی سختی سے پاسداری کریں۔
حج مناسک کا آغاز، حجاج کرام ارضِ مقدس میں پاکستان کے سفیر ہیں، قوانین کی سختی سے پابندی کی جائے، وفاقی وزیر سردار محمدیوسف

مزید خبریں
اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہےکہ حجاج کرام ارضِ مقدس میں پاکستان کے سفیر ہیں، اپنے بہترین اخلاق سے ملک کا مثبت چہرہ روشن کریں اور سعودی حکومت کی جانب سے جاری کردہ شیڈول اور قوانین کی سختی سے پاسداری کریں۔
مناسکِ حج کے باقاعدہ آغاز کے موقع پر پاکستانی عازمین کے نام اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے عازمین کو اس عظیم سعادت پر مبارکباد دیتے ہوئے وطنِ عزیز کی امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل بھی کی ہے۔وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ حج محض ایک عبادت ہی نہیں بلکہ نظم و ضبط، صبر اور عالمی بھائی چارے کا سب سے بڑا مظاہرہ ہے۔
انہوں نے خدام الحجاج ،مکتب ناظمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میدانِ عرفات، مزدلفہ اور منیٰ میں رش اور شدید گرمی کے دوران صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔انہوں نے عازمین کو تاکید کی کہ وہ وزارتِ مذہبی امور کی میڈیکل ٹیموں کی ہدایات کے مطابق اپنی صحت اور پانی کے استعمال کا خاص خیال رکھیں۔سردار محمد یوسف نے بہترین سفارتی اور انتظامی تعاون پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے اقدامات کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے امسال بھی دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں عازمین کے لیے انتہائی مربوط اور مثالی انتظامات کو یقینی بنایا ہے۔ پیغام کے اختتام پر وفاقی وزیر نے عازمین کے لیے حج مبرور اور عبادات کی قبولیت کی دعا کرتے ہوئے "پاکستان زندہ باد” کا عزم دہرایا۔








