گورنر فیصل کریم کنڈی سے پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا اور ذیلی تنظیموں کے عہدیداروں کی ملاقات

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پارٹی کے ضلعی صدر نوبزادہ احمد زیب خان کی رہائش گاہ پر پاکستان پیپلز پارٹی، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن، پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن، پیپلز لائرز فورم اور پیپلز لیبر ونگ کے عہدیداروں نے ملاقات کی۔

پشاور۔ 24 مئی (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پارٹی کے ضلعی صدر نوبزادہ احمد زیب خان کی رہائش گاہ پر پاکستان پیپلز پارٹی، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن، پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن، پیپلز لائرز فورم اور پیپلز لیبر ونگ کے عہدیداروں نے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی صدر محمد علی باچا، ہلال احمر خیبر پختونخوا کے چیئرمین فرزند علی وزیر، ڈویژنل صدر ملک عظمت، سابق امیدوار شاکر نجم الدین خان ،پی وائی او ضلعی صدر امجد حسین سلارزئی، پی ایس ایف ضلعی صدر حسن زیب خان، فضل حسین، ضلعی جنرل سیکرٹری نعیم خان، سابق امیدوار صوبائی اسمبلی حاجی وزیر زادہ اور ضلعی انفارمیشن سیکرٹری نوبزادہ عرفان خان بھی موجود تھے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے تیمرگرہ میں کامیاب ورکرز کنونشن کے انعقاد کو پارٹی اور اس کی ذیلی تنظیموں کے عہدیداروں اور کارکنوں کی انتھک محنت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے تمام کارکنوں کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت بالخصوص صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ خیبرپختونخوا سے پارٹی کے لوگوں کو خصوصی اہمیت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی جنرل سیکرٹری، گورنر اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن جیسے اہم عہدے خیبر پختونخوا کے کارکنوں کو دیے گئے، جو پارٹی قیادت کے اعتماد کا مظہر ہیں۔ گورنر نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ آئندہ انتخابات میں زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کیلئے بھرپور جدوجہد کریں تاکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط ہوں اور ان کی قیادت میں صوبے اور ملک میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو سکے۔ کارکنوں نے ورکرز کنونشن میں شرکت پر گورنر فیصل کریم کنڈی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی پارٹی اور صوبے کیلئے خدمات کو سراہا۔

 

مزید خبریں