بسنت فیسٹیول پالیسی نہ بنانے پر چیف سیکرٹری کو نوٹس جاری

لاہور ہائیکورٹ نے پورے صوبے میں بسنت فیسٹول منانے کے لیے پالیسی نہ بنانے کے معاملے پر پنجاب حکومت کے خلاف دائر درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

لاہور۔25مئی (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے پورے صوبے میں بسنت فیسٹول منانے کے لیے پالیسی نہ بنانے کے معاملے پر پنجاب حکومت کے خلاف دائر درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔جسٹس ملک اویس خالد نے خاتون اشبا کامران کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ عدالت عالیہ نے صوبے بھر میں بسنت سے متعلق پالیسی بنانے اور شہریوں کے تفریحی حقوق کے تحفظ کے لیے احکامات جاری کیے تھے، تاہم 60 روز گزرنے کے باوجود چیف سیکرٹری نے عملدرآمد رپورٹ ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کے پاس جمع نہیں کرائی۔درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کے مطابق ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔عدالت نے درخواست گزار کو ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کو بھی فریق بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔