ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا عیدالاضحی کے موقع پر قوم اور امتِ مسلمہ کے نام خصوصی پیغام
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا عیدالاضحی کے موقع پر قوم اور امتِ مسلمہ کے نام خصوصی پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے عیدالاضحی کے پُرمسرت اور مقدس موقع پر پوری قوم اور عالمِ اسلام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالاضحی صرف ایک مذہبی تہوار نہیں بلکہ جذبۂ ایثار، قربانی، صبر اور اللہ تعالیٰ کی رضا کے سامنے مکمل سرِ تسلیم خم کرنے کا عظیم درس دیتی ہے۔
حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی لازوال قربانی رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ سے جاری پیغام میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قربانی کا حقیقی مفہوم صرف جانور ذبح کرنا نہیں بلکہ اپنی انا، خواہشات اور ذاتی مفادات کو اجتماعی بھلائی اور اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے قربان کرنا ہے۔ آج کے دن ہمیں اس عزم کی تجدید کرنا ہوگی کہ ہم ذاتی اختلافات اور سیاسی تقسیم سے بالاتر ہو کر پاکستان کی ترقی، استحکام اور عوامی خوشحالی کے لیے متحد ہو کر کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بے شمار قربانیوں کے نتیجے میں حاصل کیا گیا ایک عظیم وطن ہے اور اس کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہمیں چاہیے کہ عید کی خوشیوں میں اپنے ان بھائیوں اور بہنوں کو بھی شامل کریں جو معاشی مشکلات، غربت یا حالات کے جبر کا شکار ہیں تاکہ کوئی بھی فرد اس خوشی کے موقع پر خود کو تنہا محسوس نہ کرے۔
سیدال خان نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر ہمیں اپنے شہداء، افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور وطنِ عزیز کے ان تمام محافظوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرنا چاہیے جنہوں نے ملک کے امن، دفاع اور ترقی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے پوری قوم سے اپیل کی کہ عید کے بابرکت ایام میں فلسطین، مقبوضہ کشمیر اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔
اللہ تعالیٰ امتِ مسلمہ کو اتحاد و اتفاق کی نعمت سے نوازے اور دنیا بھر میں امن، بھائی چارے اور انسانیت کے فروغ کا سبب بنائے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کی عبادات اور قربانیوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ہمیں عیدالاضحی کی حقیقی روح کے مطابق اپنی زندگیاں گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔








