خواتین سمیت دو لاکھ 70 ہزار پاکستانی اہلکاروں نے چار براعظموں کے 48 یو این مشنز میں خدمات انجام دی ہیں، صدر مملکت کا اقوام متحدہ کے امن دستوں کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ​پاکستان دنیا بھر میں مشکل حالات میں خدمات سرانجام دینے والے اقوام متحدہ کے امن دستوں کے نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے،

اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ​پاکستان دنیا بھر میں مشکل حالات میں خدمات سرانجام دینے والے اقوام متحدہ کے امن دستوں کے نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم ان 183 پاکستانی اہلکاروں کی شجاعت اور لگن کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بین الاقوامی امن و سلامتی کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی دی۔ ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق ​صدر مملکت نے جمعہ کو اقوام متحدہ کے امن دستوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ​چھ دہائیوں سے پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں سب سے زیادہ اہلکار بھیجنے والے ممالک میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ 270,000 سے زیادہ پاکستانی اہلکاروں نے چار براعظموں کے 48 یو این مشنز میں امتیازی خدمات انجام دی ہیں، پاکستانی خواتین بھی ان مشنز میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ خدمات اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کے ساتھ پاکستان کے پائیدار عزم کی عکاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ​پاکستان اقوام متحدہ کے سب سے پرانے امن مشنز میں سے ایک ‘اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ برائے انڈیا اور پاکستان’ کا میزبان بھی ہے، اس مشن کی مسلسل موجودگی اس بات کی توثیق کرتی ہے کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ جموں و کشمیر کے ایک منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ​تنازعات سے متاثرہ خطوں میں اقوام متحدہ کے امن دستے شہریوں کے تحفظ اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فراہمی کو ممکن بناتے ہیں تاکہ ہسپتال، سکول اور بنیادی عوامی خدمت کے ادارے اپنا کام جاری رکھ سکیں، ان کا کام تنازعات اور نقل مکانی سے متاثرہ برادریوں کے لیے امید کا باعث بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ​بڑھتی ہوئی عالمی غیر یقینی صورتحال اور تنازعات کے اس دور میں اقوام متحدہ کا امن مشن بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور دنیا بھر میں امن و استحکام کے لئے اقوام متحدہ کے پرچم تلے خدمات انجام دینے والے تمام امن دستوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔