پاکستانی ٹیم ہوم کنڈیشنز میں ہمیشہ مضبوط حریف ثابت ہوتی ہے تاہم آسٹریلوی کھلاڑی چیلنج کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں،آسٹریلوی کپتان

پاکستانی ٹیم ہوم کنڈیشنز میں ہمیشہ مضبوط حریف ثابت ہوتی ہے تاہم آسٹریلوی کھلاڑی چیلنج کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں،آسٹریلوی کپتان

راولپنڈی۔29مئی (اے پی پی):آسٹریلوی کپتان جوش انگلس نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم ہوم کنڈیشنز میں ہمیشہ مضبوط حریف ثابت ہوتی ہے تاہم آسٹریلوی کھلاڑی چیلنج کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ جمعہ کو راولپنڈی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کپتان مچل مارش کا انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہونا بدقسمتی ہے، وہ ایک تجربہ کار بیٹر ہیں اور ٹیم کو ان کی کمی ضرور محسوس ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کھیلنا ہمیشہ خوشگوار تجربہ ہوتا ہے اور یہاں شائقین کرکٹ کا جوش و خروش قابل دید ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مقابلے ہمیشہ دلچسپ ہوتے ہیں اور اس بار بھی شائقین کو معیاری اور سنسنی خیز کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ اگرچہ ٹیم کو بعض سینئر کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کا سامنا ہے تاہم نوجوان کھلاڑی خود کو منوانے کے لیے پرجوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم میں تجربے اور نوجوان ٹیلنٹ کا اچھا امتزاج موجود ہے جو سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جوش انگلس نے کہا کہ پاکستانی کنڈیشنز ہمیشہ چیلنجنگ ہوتی ہیں، راولپنڈی کا موسم خاصا گرم ہے تاہم کنڈیشنز ٹیم کی کارکردگی پر اثر انداز نہیں ہوں گی۔ انہوں نے پاکستانی عوام کو محبت کرنے والا اور مہمان نواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان آ کر بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیریز میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت اور دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

مزید خبریں