پاکستانی کرکٹ کے سپورٹر چاچا کرکٹ کا طویل عرصے تک قومی ٹیم کی حمایت کے بعد رواں سال میدانوں سے رخصت ہونے کا اعلان
پاکستانی کرکٹ کے سپورٹر چاچا کرکٹ کا طویل عرصے تک قومی ٹیم کی حمایت کے بعد رواں سال میدانوں سے رخصت ہونے کا اعلان

مزید خبریں
لاہور۔29مئی (اے پی پی):پاکستانی کرکٹ کے سب سے رنگین اور وفادار سپورٹر چاچا کرکٹ نے طویل عرصے تک قومی ٹیم کی حمایت کرنے کے بعد رواں سال میدانوں سے رخصت ہونے کا اعلان کر دیا۔ سبز لباس، منفرد انداز اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے دنیا بھر میں پہچانے جانے والے 77 سالہ عبدالجلیل اب اسٹیڈیم میں بیٹھ کر میچز دیکھنے کو خیرباد کہنے جا رہے ہیں۔چاچا کرکٹ اگلے ہفتے لاہور میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے تیسرے ون ڈے میچ کے بعد باقاعدہ طور پر ریٹائر ہو جائیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے زندگی کے کئی دہائیاں پاکستان کرکٹ کے نام کیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ نئی نسل اس روایت کو آگے بڑھائے۔عبدالجلیل نے اپنے کرکٹ سفر کا آغاز 1968-69 میں لاہور میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ دیکھنے سے کیا تھا۔ وقت گزرنے کے ساتھ وہ پاکستان کرکٹ کی ایسی پہچان بن گئے جنہیں دنیا کے مختلف اسٹیڈیمز میں قومی پرچم اور سبز لباس کے ساتھ دیکھا جاتا رہا۔ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ان کی موجودگی شائقین کے لیے خاص کشش سمجھی جاتی تھی جبکہ 1999ورلڈ کپ کے دوران انگلینڈ میں پاکستان ٹیم کی بھرپور حمایت نے انہیں عالمی شہرت دلا دی۔
چاچا کرکٹ نے اپنی زندگی میں پاکستان ٹیم کے بے شمار یادگار لمحات قریب سے دیکھے۔ ان میں 1986میں جاوید میانداد کا تاریخی چھکا، 1992ورلڈ کپ کی کامیابی اور 2017چیمپئنز ٹرافی کی فتح جیسے ناقابلِ فراموش مواقع شامل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کی کامیابیاں ہمیشہ ان کے لیے عید جیسی خوشی لے کر آئیں۔انہوں نے بتایا کہ اب وہ سیالکوٹ کے قریب ایک ریسٹورنٹ اور کرکٹ میوزیم قائم کرنا چاہتے ہیں جہاں وہ اپنے سفر سے جڑی نایاب تصاویر، ٹکٹس، جرسیز اور دیگر یادگار اشیا محفوظ کریں گے تاکہ آنے والی نسلیں پاکستان کرکٹ کی تاریخ کو قریب سے دیکھ سکیں۔
چاچا کرکٹ نے کہا کہ اگرچہ حالیہ برسوں میں قومی ٹیم کی کارکردگی نے انہیں مایوس کیا، لیکن انہیں اب بھی یقین ہے کہ پاکستان کرکٹ ایک بار پھر دنیا میں اپنی کھوئی ہوئی شان واپس حاصل کرے گی۔








