پی سی بی، پوڈکاسٹ کا 81 واں ایڈیشن جاری

پاکستان کرکٹ بورڈ کے پوڈکاسٹ کا 81 واں ایڈیشن جاری کر دیا گیا ہے،جس میں پاکستان ویمنز ٹیم کی تجربہ کار بلے باز عائشہ ظفر بطور مہمان شریک ہیں۔عائشہ ظفر حال ہی میں پاکستان ویمنز کرکٹ کی تاریخ میں ٹی 20 انٹرنیشنل فارمیٹ میں سنچری بنانے والی دوسری کھلاڑی بنیں،جب انہوں نے کراچی میں زمبابوے کیخلاف صرف 47 گیندوں پر شاندار سنچری سکور کی۔

لاہور۔30مئی (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ کے پوڈکاسٹ کا 81 واں ایڈیشن جاری کر دیا گیا ہے،جس میں پاکستان ویمنز ٹیم کی تجربہ کار بلے باز عائشہ ظفر بطور مہمان شریک ہیں۔عائشہ ظفر حال ہی میں پاکستان ویمنز کرکٹ کی تاریخ میں ٹی 20 انٹرنیشنل فارمیٹ میں سنچری بنانے والی دوسری کھلاڑی بنیں،جب انہوں نے کراچی میں زمبابوے کیخلاف صرف 47 گیندوں پر شاندار سنچری سکور کی۔

یہ پاکستان کی جانب سے تمام فارمیٹس میں تیز ترین سنچری تھی جبکہ ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ کی مشترکہ طور پر تیسری تیز ترین سنچری بھی قرار پائی۔پوڈکاسٹ میں عائشہ ظفر نے قومی ٹیم میں اپنی واپسی بطور بلے باز اپنی ذہنی تیاری،پاکستان کے لیے تیز ترین ویمنز ٹی20 سنچری سکور کرنے کے تجربے اور ویمنز کرکٹرز کی ترقی میں تربیتی کیمپس کے کردار پر تفصیل سے گفتگو کی۔

11 سالہ بین الاقوامی کیریئر کے دوران عائشہ ظفر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے38 ون ڈے انٹرنیشنل اور33 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیل چکی ہیں۔وہ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ2017 اور آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2018 میں بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں۔انگلینڈ میں رواں سال منعقد ہونے والا ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ عائشہ ظفر کے کیریئر کا تیسرا بڑا عالمی ایونٹ ہوگا،جہاں وہ قومی ٹیم کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

 

مزید خبریں