انڈر18 ایشیا ہاکی کپ، پاکستان نے چین کو3-0 سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا

جاپان کے شہر کاکامیگاہارا میں جاری انڈر18 ایشیا کپ ہاکی2026 میں پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین کو3-0 سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔

لاہور۔30مئی (اے پی پی):جاپان کے شہر کاکامیگاہارا میں جاری انڈر18 ایشیا کپ ہاکی2026 میں پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین کو3-0 سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان وقاص شیخ کے مطابق ایشیئن ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام29 مئی سے6 جون تک جاری ٹورنامنٹ کے اس میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے آغاز ہی سے حریف ٹیم پر دبائو برقرار رکھا اور میدان کے دونوں حصوں میں عمدہ کھیل پیش کیا۔پاکستان کی جانب سے پہلا گول میچ کے چھٹے منٹ میں عثمان نے اسکور کیا، جس کے بعد11ویں منٹ میں عدیل نے دوسرا گول کرکے برتری کو دوگنا کر دیا۔

پاکستان نے میچ کے دوران اپنی گرفت مضبوط رکھی اور56 ویں منٹ میں یاسین نے تیسرا گول کرکے فتح پر مہر ثبت کر دی۔پاکستانی ٹیم کے اسنان کو شاندار کھیل پیش کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی (مین آف دی میچ) قرار دیا گیا۔اس کامیابی کے بعد پاکستان اپنا دوسرا میچ کل31 مئی کو ملائیشیا کے خلاف کھیلے گا جبکہ تیسرا گروپ میچ3 جون کو بنگلہ دیش کے خلاف ہوگا

دونوں میچز مقامی وقت کے مطابق سہ پہر3 بجے شروع ہوں گے۔ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے کے مقابلے یکم جون تک جاری رہیں گے،جس کے بعد سیمی فائنلز اور پوزیشن میچز کا آغاز ہوگا۔سیمی فائنلز 5 جون کو جبکہ فائنل اور تیسری پوزیشن کیلئے میچ6 جون کو کھیلے جائیں گے۔

مزید خبریں