آئی سی سی بورڈ نے ڈاکٹر روز ریواز کو نیا آزاد (انڈیپنڈنٹ) ڈائریکٹر مقرر کر دیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بورڈ نے ڈاکٹر روز ریواز کو نیا آزاد (انڈیپنڈنٹ) ڈائریکٹر مقرر کر دیا ہے۔آئی سی سی کے ترجمان کے مطابق ڈاکٹر ریواز مختلف شعبوں اور خطوں میں وسیع تجربہ رکھتی ہیں اور سرکاری و نجی اداروں میں قائدانہ کردار ادا کر چکی ہیں۔

لاہور۔30مئی (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بورڈ نے ڈاکٹر روز ریواز کو نیا آزاد (انڈیپنڈنٹ) ڈائریکٹر مقرر کر دیا ہے۔آئی سی سی کے ترجمان کے مطابق ڈاکٹر ریواز مختلف شعبوں اور خطوں میں وسیع تجربہ رکھتی ہیں اور سرکاری و نجی اداروں میں قائدانہ کردار ادا کر چکی ہیں۔ وہ اس وقت اینگلیئن واٹر اور یو کے کمپنیز ہاوس کی چیئر پرسن ہیں جبکہ اپیرام ایس اے اور وکٹریکس پی ایل سی میں لیڈ انڈیپنڈنٹ ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہی ہیں۔ڈاکٹر ریواز کو کارپوریٹ گورننس،حکمت عملی، رسک مینجمنٹ اور ادارہ جاتی کارکردگی کے شعبوں میں گہرا تجربہ حاصل ہے۔

انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران مختلف حکومتی،تجارتی اور سماجی اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں کام کیا ہے اور تنوع و شمولیت کے فروغ کیلئے بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے ڈاکٹر روز ریواز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بین الاقوامی قیادت کا تجربہ،گورننس میں مہارت اور اداروں کو ترقی و تبدیلی کے مراحل سے گزارنے کا کامیاب ریکارڈ آئی سی سی کیلئے انتہائی قیمتی ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے عالمی فروغ اور مستقبل کی ترقی کیلئے ڈاکٹر ریواز کی رہنمائی اہم کردار ادا کرے گی۔

ڈاکٹر روز ریواز نے اپنی تقرری پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں آئی سی سی بورڈ کا حصہ بننا ان کیلئے اعزاز کی بات ہے جب کرکٹ دنیا بھر میں نئے ناظرین تک پہنچ رہی ہے اور اپنی عالمی حیثیت کو مزید مضبوط بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ آئی سی سی بورڈ اور عالمی کرکٹ برادری کے ساتھ مل کر کھیل کی ترقی اور آئندہ نسلوں کیلئے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے کام کریں گی۔ڈاکٹر روز ریواز تین سالہ ابتدائی مدت کیلئے آئی سی سی بورڈ میں شامل ہوں گی،جس میں مزید تین سال کی توسیع کی گنجائش بھی موجود ہے۔