پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین سیریز کے پہلے ون ڈے میچ کے موقع پر راولپنڈی پولیس کے سخت سکیورٹی اور جامع ٹریفک انتظامات
پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین سیریز کے پہلے ون ڈے میچ کے موقع پر راولپنڈی پولیس کے سخت سکیورٹی اور جامع ٹریفک انتظامات

مزید خبریں
راولپنڈی۔30مئی (اے پی پی):پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین سیریز کے پہلے ون ڈے میچ کے موقع پر راولپنڈی پولیس نے سخت سکیورٹی اور جامع ٹریفک انتظامات کیے ہیں۔ سی پی او کی ہدایت کے مطابق راولپنڈی سٹیڈیم اور اس کے اطراف میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔ سی پی او سید خالد محمود ہمدانی کا کہنا ہے کہ میچ کی سکیورٹی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے راولپنڈی پولیس کے 4 ہزار 500 سے زائد افسران و اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سینئر پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہ کر نفری کو چیک اور بریف کر رہے ہیں جبکہ سٹیڈیم اور اطراف کی عمارتوں پر روف ٹاپ سنائپرز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی صورتحال کی مسلسل نگرانی سیف سٹی اور دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے جبکہ مانیٹرنگ کے لیے ایک علیحدہ کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔ متعلقہ تھانوں کی موبائل گاڑیاں، ایلیٹ فورس اور ڈولفن سکواڈ سٹیڈیم کے گرد و نواح میں مسلسل گشت کر رہے ہیں۔ شائقین کرکٹ اور شہریوں کی سہولت کے لیے موثر ٹریفک پلان پر بھی عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ سی پی او نے کہا کہ پاک، آسٹریلیا کرکٹ میچ کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔








