عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے خاتمے پر سڑکوں پر گاڑیوں کا رش، آبائی علاقوں میں جانے والے افراد کی جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد واپسی
عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے خاتمے پر سڑکوں پر گاڑیوں کا رش، آبائی علاقوں میں جانے والے افراد کی جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد واپسی

مزید خبریں
اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے خاتمے پر سڑکوں پر گاڑیوں کا رش ہے ، عید منانے کےلئے اپنے آبائی علاقوں میں جانے والے افراد جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد واپس آ رہے ہیں ، بس اڈوں پر مسافروں کا رش ہے ۔ سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلز پر گردش کرنے والی مختلف ویڈیوز اور تصاویر میں بس اڈوں پر بہت زیادہ رش دکھائی دیتا ہے جہاں پر سیٹ حاصل کرنے کےلئے مسافروں کی لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں، بعض مسافروں نے عید تعطیلات کے بعد اسلام آباد واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پیر سے اپنے معمول کی زندگی پر واپس آ جائیں گے اور ہم نے عید تعطیلات کے دوران اپنے خاندان کے ساتھ بھرپور وقت گزارا ہے۔
اسلام آباد کے شہریوں کا کہنا ہے کہ عید تعطیلات کے دوران شہر عموماً خالی ہو جاتا ہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے جبکہ دوسری جانب شہر کے رہائشی علاقوں کی گلیاں بھی سنسان نظر آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید کے بعد زندگی تیزی سے اپنی معمول پر واپس آ رہی ہے جس سے شہر کی معمول کی سرگرمیاں بحال ہو جائیں گی۔ مسافروں نے کہا ہے کہ ٹکٹ کے حصول کےلئے ہمیں کئی کئی گھنٹے انتظار کرنا پڑا کیونکہ مسافروں کے رش کی وجہ سے بس اڈوں پر زیادہ ہجوم تھا۔ بعض مسافروں نے عید کی تعطیلا ت کے بعد ٹکٹوں کی عدم دستیابی اور زیادہ کرایوں کی وصولی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہمیں زیادہ کرایہ ادا کرنے پر مجبور کیا گیا اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں کئی کئی گھنٹوں کا طویل انتظار کرنے کا کہا گیا ۔
انہوں نے بس اڈوں کی انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ اس سے ہماری اسلام آباد کی واپسی انتہائی دشوار ہو گئی۔ ٹرانسپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ عید کی تعطیلات کے دوران مسافروں سے زیادہ کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹر کے خلاف سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں اور قانون کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کئے جا رہے ہیں تاکہ اسلام آباد واپس آنے والے مسافروں کےلئے محفوظ اور آسان سفر کو یقینی بنایا جاسکے۔ اپنے ایک بیان میں پنجاب کے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ زیادہ کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹر سے کوئی رعایت نہیں کی جا رہی اور ان پر بھاری جرمانے عائد کئے جا رہے ہیں جس کا مقصد حقیقی کرایوں میں مسافروں کے سفر کو یقینی بنانا ہے۔








