قومی کمیشن برائے اقلیتی امور کے سابق رکن البرٹ ڈیوڈ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سول اور عسکری قیادت نے امریکہ اور ایران کے درمیان امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، یہ کامیابی نہ صرف علاقائی استحکام بلکہ عالمی امن اور سلامتی کےلئے بھی نہایت اہم ہے۔
پاکستان کی سول اور عسکری قیادت نے امریکہ اور ایران کے درمیان امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، البرٹ ڈیوڈ

مزید خبریں
اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):قومی کمیشن برائے اقلیتی امور کے سابق رکن البرٹ ڈیوڈ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سول اور عسکری قیادت نے امریکہ اور ایران کے درمیان امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، یہ کامیابی نہ صرف علاقائی استحکام بلکہ عالمی امن اور سلامتی کےلئے بھی نہایت اہم ہے۔ یہاں ہفتہ کو جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ثالثی پر اعتماد سے ہمارے ملک کی ساکھ اور ایک امن پسند کردار کے طور پر اس کے بڑھتے ہوئے مقام کا اظہار ہوتا ہے۔ البرٹ ڈیوڈ نے کہا کہ اب ہم امید کے ساتھ اسلام آباد معاہدے پر دستخط کے منتظر ہیں جو ایک تاریخی سنگِ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی پیش رفت پاکستان کو ایک عالمی امن رہنما کے طور پر تسلیم کئے جانے کا وہ جائز اعزاز دلائے گی جس کا وہ مستحق ہے۔ قومی کمیشن برائے اقلیتی امور کے سابق رکن نے کہا کہ پاکستانی ایک ایسی قوم ہے جو قربانی، اتحاد اور انسانیت سے وابستگی کی علامت ہے۔ البرٹ ڈیوڈ نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر ہم پاکستان کے دفاع، خوشحالی اور دنیا میں امن کے مینار کے طور پر اس کے کردار کےلئے مل کر کھڑے رہنے کے اپنے عہد کی تجدید کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ان شہداء کے خاندانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرنا چاہیے جنہوں نے پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کےلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی قربانیاں ہماری قومی طاقت کی بنیاد ہیں اور یہ ہماری سنجیدہ ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے وطن کے دفاع اور بہتری کےلئے متحد اور یکجہت رہیں۔








