پاک آسٹریلیا ون ڈے میچ،راولپنڈی پولیس کے فول پروف سیکیورٹی انتظامات
پاک آسٹریلیا ون ڈے میچ،راولپنڈی پولیس کے فول پروف سیکیورٹی انتظامات
راولپنڈی۔30مئی (اے پی پی):پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ون ڈے میچ کے پرامن انعقاد اور کھلاڑیوں، آفیشلز و شائقین کرکٹ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے راولپنڈی پولیس نے فول پروف سیکیورٹی اور مؤثر ٹریفک انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ سی پی او راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی کی ہدایات پر 4500 سے زائد پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی اور ٹریفک ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں جبکہ میچ کے دوران نگرانی کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ کیا جا رہا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق سینئر پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہ کر ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو چیک اور بریف کر رہے ہیں۔ اسٹیڈیم اور اطراف کی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کیے گئے ہیں جبکہ سیف سٹی اور دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ نگرانی کے لیے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔
سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے کہا کہ تھانوں کی موبائلز، ایلیٹ فورس اور ڈولفن اسکواڈ اسٹیڈیم کے اطراف گشت کر رہے ہیں جبکہ شہریوں کی سہولت کے لیے مؤثر ٹریفک پلان پر بھی عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک آسٹریلیا میچ کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔








