پاکستان-یورپی یونین تعلیمی شراکت داری مزید مستحکم، پاکستانی اسکالرز کیلئے ایراسمس پلس کے تحت تعلیم کے مواقع
پاکستان-یورپی یونین تعلیمی شراکت داری مزید مستحکم، پاکستانی اسکالرز کیلئے ایراسمس پلس کے تحت تعلیم کے مواقع

مزید خبریں
اسلام آباد/برسلز۔30مئی (اے پی پی):یورپی یونین کے ایراسمس پلس فریم ورک کے تحت پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون مزید فروغ پا رہا ہے۔ برسلز میں پاکستانی سفارتخانے سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق پاکستانی اسکالرز کی بڑی تعداد کا تعلیمی مواقع کیلئے ایراسمس پلس کا انتخاب دونوں اطراف کے درمیان علمی تعاون کے فروغ کا واضح ثبوت ہے۔
لگاتار پانچویں سال عالمی درجہ بندی میں سرفہرست رہنا پاکستانی نوجوانوں کی اعلیٰ صلاحیتوں کے ساتھ پاکستان۔یورپی یونین علمی شراکت داری کی بڑھتی ہوئی مضبوطی کو بھی ظاہر کرتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ برسلز میں پاکستانی سفارتخانہ اپنے سائنس ڈپلومیسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ سفارتخانہ اعلیٰ تعلیم، تحقیق، اختراع اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں پاکستان۔یورپی یونین شراکت داری کو مزید تقویت دے رہا ہے اور دونوں اطراف کے اداروں، محققین اور اختراع کاروں کے درمیان پل کا کردارادا کر رہا ہے۔
اس موقع پر سفارتخانے نے سابق فرسٹ سیکرٹری محمد عدیل کی خدمات کو بھی سراہا جنہوں نے برسلز میں اپنے دورِ تعیناتی کے دوران سائنس، ٹیکنالوجی، اختراع اور اعلیٰ تعلیم میں پاکستان۔یورپی یونین تعاون کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ سفارتخانے نے تمام 98 ایوارڈ یافتہ پاکستانی اسکالرز کو دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔








