پاک آسٹریلیا ون ڈے میچ ، راولپنڈی پولیس کیجانب سے سکیورٹی اور ٹریفک روانی کے بہترین انتظامات
پاک آسٹریلیا ون ڈے میچ ، راولپنڈی پولیس کیجانب سے سکیورٹی اور ٹریفک روانی کے بہترین انتظامات

مزید خبریں
راولپنڈی۔30مئی (اے پی پی):پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے مابین پہلے ون ڈے میچ کے موقع پر راولپنڈی پولیس نے سخت سکیورٹی اور مؤثر ٹریفک انتظامات کو یقینی بنایا جبکہ آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا، سی پی او سید خالد محمود ہمدانی اور ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ نے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انویسٹی گیشن، چیف ٹریفک آفیسر، ڈویژنل ایس پیز اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے مختلف پوائنٹس پر تعینات نفری، سکیورٹی انتظامات اور ٹریفک ڈیوٹیوں کا معائنہ کیا اور افسران و اہلکاروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
سی پی او نے فول پروف سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں نگرانی کے نظام اور سکیورٹی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام افسران الرٹ رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں۔ انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی پولیس کے 4 ہزار 500 سے زائد افسران اور اہلکاروں نے سکیورٹی فرائض انجام دئیے جبکہ تمام سینئر افسران خود فیلڈ میں موجود رہ کر انتظامات کی نگرانی کرتے رہے۔ شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم میں واک تھرو گیٹس اور مکمل باڈی سرچنگ کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی۔
سی پی او کے مطابق اسٹیڈیم اور اس کے گرد و نواح کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی گئی جبکہ روٹس اور اسٹیڈیم کے اطراف عمارتوں کی چھتوں پر ماہر نشانہ باز بھی تعینات کیے گئے ۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں اور شائقین کرکٹ کی سہولت کے لیے خصوصی ٹریفک پلان مرتب کیا گیا جس کی نگرانی چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نے خود کی ۔ راولپنڈی میں کرکٹ شائقین، کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔ سی پی او نے کہا کہ راولپنڈی پولیس بہترین سکیورٹی اور شہریوں کو خوشگوار ماحول کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر سکیورٹی اداروں کے باہمی رابطے اور تعاون سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔








