خواتین کو بااختیار بنائے بغیر کوئی بھی قوم پائیدار ترقی اور خوشحالی حاصل نہیں کر سکتی،رانا مشہود احمد خان

خواتین کو بااختیار بنائے بغیر کوئی بھی قوم پائیدار ترقی اور خوشحالی حاصل نہیں کر سکتی،رانا مشہود احمد خان

کراچی۔30مئی (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر کوئی بھی قوم پائیدار ترقی اور خوشحالی حاصل نہیں کر سکتی، نوجوان خواتین ملک کاقیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔وہ ہفتہ کو گورنر ہاؤس کراچی میں منعقدہ تیسرے ایمپاور نیشنل گرلز ٹورنامنٹ 2026 کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔تقریب میں معروف شخصیات، ممتاز کھلاڑیوں، سرکاری حکام،نوجوان نمائندوں اور ملک بھر سے تعلق رکھنے والی بڑی تعداد میں خواتین ایتھلیٹس نے شرکت کی۔

رانا مشہود احمد خان نے گورنر سندھ کی جانب سے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے لیے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی سرگرمیاں نہ صرف کھیلوں کے فروغ میں مددگار ثابت ہوتی ہیں بلکہ نوجوان خواتین میں اعتماد، قائدانہ صلاحیتوں اور مثبت کردار کی تعمیر میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوجوانوں کی ترقی، بالخصوص نوجوان خواتین کی خودمختاری اور پیشہ ورانہ ترقی کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔

انہوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے اولمپک معیار کی جدید کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کو بھی سراہا اور کہا کہ اس سے خواتین کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ حکومت نوجوانوں اور خواتین کے لیے ایسے مواقع پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے جو شمولیت، ترقی اور خودمختاری کو فروغ دیں،ایسے پلیٹ فارمز خواتین کو کھیلوں میں پیشہ ورانہ کیریئر بنانے، روزگار کے مواقع حاصل کرنے اور عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے میں مدد فراہم کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا اختتامی مرحلہ اسلام آباد میں منعقد ہوگا جہاں ملک بھر سے منتخب باصلاحیت خواتین کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پروگرام نوجوان خواتین کے لیے کامیاب مستقبل کی راہیں ہموار کرے گا۔سوال و جواب کے سیشن کے دوران رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ حکومت پس منظر یا حالات سے قطع نظر باصلاحیت نوجوانوں کی شناخت اور ان کی تربیت کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ حقیقی صلاحیت ہر رکاوٹ کے باوجود اپنی پہچان بنا لیتی ہے۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت باصلاحیت نوجوانوں کو کھیلوں میں کامیابی کے لیے ضروری سازوسامان، تربیت اور رہنمائی فراہم کرے گی۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تمام مقابلوں میں میرٹ،شفافیت اور انصاف کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ ریفریز اور کوچز اپنی ذمہ داریاں غیر جانبداری کے ساتھ انجام دیں گے تاکہ ہر کھلاڑی کو یکساں مواقع میسر آسکیں۔پریس کانفرنس کے اختتام پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان بھر میں کھیلوں کے فروغ،نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں میں شمولیت اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پائیدار اقدامات اور مؤثر شراکت داریوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔