لنکا پریمیئر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کی تیاریاں پیر سے پلیئر ڈرافٹ سے شروع ہوں گی

لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) 2026 کے چھٹے ایڈیشن کی تیاریاں یکم جون کو کولمبو میں ہونے والے پلیئر ڈرافٹ سے باضابطہ طور پر شروع ہوں گی،جہاں فرنچائزز عالمی اور مقامی کھلاڑیوں کے وسیع پول میں سے اپنی ٹیموں کو حتمی شکل دیں گی۔ترجمان کے مطابق ڈرافٹ میں دنیا بھر سے 421 کھلاڑی انتخاب کے لیے دستیاب ہوں گے، جبکہ 650 سے زائد کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں شرکت کے …

لاہور۔31مئی (اے پی پی):لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) 2026 کے چھٹے ایڈیشن کی تیاریاں یکم جون کو کولمبو میں ہونے والے پلیئر ڈرافٹ سے باضابطہ طور پر شروع ہوں گی،جہاں فرنچائزز عالمی اور مقامی کھلاڑیوں کے وسیع پول میں سے اپنی ٹیموں کو حتمی شکل دیں گی۔ترجمان کے مطابق ڈرافٹ میں دنیا بھر سے 421 کھلاڑی انتخاب کے لیے دستیاب ہوں گے، جبکہ 650 سے زائد کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے رجسٹریشن کرائی تھی۔ ایل پی ایل 2026 کا انعقاد 17 جولائی سے 18 اگست تک کولمبو، دمبولا اور پالی کیلے میں کیا جائے گا۔پلاٹینم کیٹیگری میں افغانستان کے وکٹ کیپر بیٹر رحمان اللہ گرباز، زمبابوے کے کپتان سکندر رضا، جنوبی افریقا کے اسپنر تبریز شمسی، نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر کائل جیمیسن، آسٹریلیا کے آل رائونڈر ایشٹن ایگر اور پاکستان کے حسن علی و محمد نواز نمایاں ناموں میں شامل ہیں۔

دیگر بین الاقوامی اسٹارز میں معجیب الرحمن، فضل حق فاروقی، ایون لوئس، کرس لن، وین ملڈر، ریان برل، ڈیوڈ ملان اور مارٹن گپٹل شامل ہیں، جنہیں فرنچائزز اپنی اسکواڈز کا حصہ بنا سکتی ہیں۔ٹورنامنٹ میں شریک پانچ ٹیمیں، کولمبو کیپس، دمبولا سِکسرز، گالے گیلنٹس، جافنا کنگز اور کینڈی رائلز، 18 سے 20 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈز تشکیل دیں گی، جن میں مقامی اور غیرملکی کھلاڑیوں کا امتزاج رکھا جائے گا۔پاکستان کے کئی نمایاں کرکٹرز بھی ڈرافٹ کا حصہ ہیں، جن میں افتخار احمد، عثمان خان، حسن نواز، سفیان مقیم، عاکف جاوید اور محمد وسیم جونیئر شامل ہیں۔اسپن بولنگ کے متلاشی ٹیموں کے لیے ایش سودھی، سندیپ لامیچھانے، پیوش چاولہ، مہدی حسن مرزا اور کول میک کونچی دستیاب ہوں گے، جبکہ مشفق الرحیم، ٹیمبا باووما، گل بدین نائب اور رحکیم کارن وال جیسے تجربہ کار کھلاڑی بھی انتخاب کے لیے موجود ہیں۔

ٹورنامنٹ قوانین کے مطابق ہر فرنچائز کے لیے ایسوسی ایٹ اسٹار کیٹیگری سے کم از کم ایک کھلاڑی کا انتخاب لازمی ہوگا۔ اس کیٹیگری میں امریکا کے شیڈلی وان شالک ویک، نیپال کے دیپیندر سنگھ ایری، اسکاٹ لینڈ کے صفیان شریف، امریکا کے کپتان مونانک پٹیل، کوری اینڈرسن اور علی خان نمایاں نام ہیں۔متحدہ عرب امارات کے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی ایسوسی ایٹ اسٹار کیٹیگری میں شامل ہے، جن میں کپتان محمد وسیم، وکٹ کیپر بیٹر وریتیا اروِند، آل رائونڈرز باسل حمید اور ایان افضل خان، فاسٹ بائولرز جنید صدیقی، ظہور خان، علی شان شرافو اور محمد جواد اللہ شامل ہیں۔منتظمین کے مطابق بین الاقوامی تجربے اور ٹی20 مہارت کے حامل کھلاڑیوں کی موجودگی کے باعث ایل پی ایل 2026 کا پلیئر ڈرافٹ انتہائی دلچسپ اور مسابقتی ہونے کی توقع ہے۔

 

مزید خبریں