صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر کا مری اسپورٹس کمپلیکس کا دورہ، سہولیات عالمی معیار کے مطابق بنانے کی ہدایت

صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر کا مری اسپورٹس کمپلیکس کا دورہ، سہولیات عالمی معیار کے مطابق بنانے کی ہدایت

راولپنڈی ۔31مئی (اے پی پی):صوبائی وزیر امورِ نوجوانان و کھیل پنجاب، ملک فیصل ایوب کھوکھر نے تحصیل اسپورٹس کمپلیکس دھوبی گھاٹ مری کا تفصیلی دورہ کیا اورکھیلوں کی سہولیات، انتظامی امور اور انفراسٹرکچر کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کھیلوں کے میدانوں اور دیگر سہولیات کو عالمی معیار کے مطابق بنانے، انتظامی نظام بہتر کرنے اور اسپورٹس کمپلیکسز کو مرحلہ وار خود کفیل آپریشنل ماڈل پر منتقل کرنے کی ہدایت کی۔متعلقہ افسران نے صوبائی وزیر کو کمپلیکس میں جاری کھیلوں کی سرگرمیوں، دستیاب سہولیات اور درپیش مسائل کے بارے میں بریفنگ دی۔ دورے کے دوران انہوں نے خراب اور غیر فعال لائٹس کی فوری مرمت، باسکٹ بال کورٹ کے رنگ کی بحالی اور سوئمنگ پول کے متاثرہ شیشے کے پینل کی تبدیلی کے احکامات جاری کئے۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو بہترین اور محفوظ ماحول فراہم کرنا محکمہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔صوبائی وزیر نے تماشائیوں کے لیے شیڈز، پریکٹس کرکٹ پچز اور جی آئی فینسنگ سمیت دیگر سہولیات کو ترقیاتی منصوبوں میں شامل کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ جدید کھیلوں کا انفراسٹرکچر نوجوان ٹیلنٹ کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے راولپنڈی ڈویژن کی تمام تحصیلوں میں اسپورٹس کمپلیکسز کے فیس اسٹرکچر اور عملے کی کمی کے حوالے سے جامع تجاویز طلب کرتے ہوئے انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔

ملک فیصل ایوب کھوکھر نے اعلان کیا کہ مری میں تحصیل اسپورٹس آفیسر کی تعیناتی جلد عمل میں لائی جائے گی تاکہ مقامی سطح پر کھیلوں کے فروغ اور انتظامی معاملات کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبے بھر میں کھیلوں کے میدان آباد کرنے اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔