پنجاب پولیس کے خدمت مراکز صوبہ بھر میں شہریوں کو جدید اور ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی میں مصروف عمل ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال کے دوران 18 لاکھ 91 ہزار سے زائد شہریوں نے پولیس خدمت مراکز سے مختلف خدمات حاصل کیں،
پنجاب پولیس کے خدمت مراکز سے رواں سال 18 لاکھ 91 ہزار سے زائد شہری مستفید ہوئے

مزید خبریں
لاہور۔1جون (اے پی پی):پنجاب پولیس کے خدمت مراکز صوبہ بھر میں شہریوں کو جدید اور ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی میں مصروف عمل ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال کے دوران 18 لاکھ 91 ہزار سے زائد شہریوں نے پولیس خدمت مراکز سے مختلف خدمات حاصل کیں، جس سے عوام کو بروقت اور شفاف سروسز کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔ترجمان کے مطابق اس عرصے کے دوران 7 لاکھ 14 ہزار سے زائد شہریوں نے جنرل پولیس ویریفیکیشن کروائی جبکہ 3 لاکھ 72 ہزار سے زائد افراد کو پولیس کریکٹر سرٹیفیکیٹ جاری کیے گئے۔ اسی طرح 4 لاکھ 48 ہزار سے زائد شہریوں نے کرایہ داری اندراج کی سہولت سے استفادہ کیا۔اعداد و شمار کے مطابق 73 ہزار 837 شہریوں کو میڈیکولیگل سرٹیفیکیٹس جاری کیے گئے جبکہ کمزور اور مستحق طبقات کے لیے جاری خصوصی اقدامات کے تحت 50 ہزار سے زائد افراد کو قانونی اور سماجی تحفظ فراہم کیا گیا۔ مزید برآں 15 ہزار 551 شہریوں نے گاڑیوں کی ویریفیکیشن کروائی۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 40 ہزار 771 شہریوں نے دستاویزات کے اندراج گمشدگی کی سہولت حاصل کی جبکہ 1562 افراد نے جرائم سے متعلق رپورٹس کی رجسٹریشن کروائی۔ اسی عرصے میں 99 ہزار 840 شہریوں کو ایف آئی آر کی نقول فراہم کی گئیں جبکہ خواتین کے خلاف تشدد سے متعلق 33 رپورٹس بھی درج کی گئیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ 72 ہزار 811 شہریوں نے ایمپلائیز رجسٹریشن (آر او پی ای ) کروائی جبکہ 1330 افراد نے نجی ملازمت کے حصول کے لیے پولیس ویریفیکیشن سروس سے استفادہ کیا۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم کا کہنا ہے کہ پولیس خدمت مراکز پنجاب پولیس کا پبلک سروس ڈلیوری کے حوالے سے ایک شاندار فلیگ شپ منصوبہ ہیں جہاں شہریوں کو چوبیس گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کو درپیش مشکلات میں نمایاں کمی آئی ہے اور خدمات کی فراہمی کا نظام مزید موثر بنایا گیا ہے۔








