حکومت عوامی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر پوری سنجیدگی سے عمل پیرا ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا ایک اہم اجلاس بدھ کو چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں عوامی فلاح، امن و امان، تعلیم، بلدیاتی نظام، ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی امور سے متعلق متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی اجلاس کے آغاز میں مختلف واقعات میں شہید ہونے والے سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں اور سویلین شہداء کے درجات کی بلندی، مغفرت …

کوئٹہ۔ 29 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا ایک اہم اجلاس بدھ کو چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں عوامی فلاح، امن و امان، تعلیم، بلدیاتی نظام، ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی امور سے متعلق متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی اجلاس کے آغاز میں مختلف واقعات میں شہید ہونے والے سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں اور سویلین شہداء کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی ۔

صوبائی کابینہ نے محنت کش طبقے کے بچوں کو معیاری تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے چیف منسٹر اسکالرشپ پروگرام کے فیز تھری کی منظوری دی، جس کے تحت بلوچستان کے رجسٹرڈ مزدوروں کے 300 بچوں کو اسلام آباد کے معیاری بورڈنگ اسکول میں داخلہ دیا جائے گا تاکہ انہیں اعلیٰ معیار کی تعلیم اور بہتر مستقبل کے مواقع میسر آ سکیں بلدیاتی اداروں کو مزید فعال بنانے کے لیے کابینہ نے یونین کونسل میسی زئی اور یونین کونسل مئی زئی کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دینے جبکہ گلستان میں نئی میونسپل کمیٹی کے قیام کی منظوری دی امن و امان کے نظام کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے کے لیے صوبائی کابینہ نے لیویز فورس کے پولیس میں انضمام کے بعد پورے صوبے کو باقاعدہ پولیس ایریا قرار دینے کی منظوری دے دی۔

کابینہ نے ایس پی نبیل احمد کو بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی کا چیف آپریٹنگ آفیسر تعینات کرنے کی بھی منظوری دی، جبکہ ہوم ڈیپارٹمنٹ کی سفارشات کے مطابق پیرول بورڈ کی تشکیل کی منظوری بھی دے دی گئی کابینہ نے ضلع حب کے ماربل سٹی کے مقام پر نئے پولیس اسٹیشن کے قیام کی منظوری بھی دی تاکہ صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے تحفظ اور قانون نافذ کرنے کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے اجلاس میں صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کی بہتر منصوبہ بندی اور مؤثر عملدرآمد کے لیے بلوچستان پلاننگ مینوئل کی منظوری دی گئی۔ اسی طرح بچوں کے حقوق اور تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بلوچستان چائلڈ پروٹیکشن رولز 2026 کی منظوری بھی دی گئی، جسے اس شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا

صوبائی کابینہ نے بلوچستان کیڈٹ کالجز ترمیمی ایکٹ 2026 کی منظوری بھی دی، جبکہ محکمہ پراسیکیوشن کی سفارشات کی روشنی میں پراسیکیوٹر جنرل کی کنٹریکٹ مدت ملازمت میں مزید دو سال کی توسیع کی منظوری دی گئی سرکاری خریداری کے نظام میں شفافیت، مسابقت اور مؤثر مالی نظم و نسق کو فروغ دینے کے لیے بلوچستان ہائبرڈ ویٹ پروکیورمنٹ پالیسی 2026 کی منظوری دی گئی، جبکہ کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ کے سروس لیول ایگریمنٹ کی بھی منظوری دے دی گئی تاکہ منصوبے پر بروقت اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے ترقیاتی شعبے میں کابینہ نے ہرنائی۔سبی روڈ کے فنانسنگ پروپوزل کی منظوری دی، جبکہ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے گریڈ 1 تا 21 کے سروس رولز 2024 کی بھی منظوری دی گئی جبکہ محکمہ ریونیو کی سفارشات پر ضلع نصیر آباد میں نئی تحصیل و سب ڈویژن کی منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی کابینہ کے فیصلوں کا مقصد عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی، گڈ گورننس کا فروغ، امن و امان کی مزید بہتری، ترقیاتی عمل میں تیزی اور صوبے میں مؤثر انتظامی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر پوری سنجیدگی سے عمل پیرا ہے اور کابینہ کے تمام فیصلوں پر بروقت اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔