30 اور31جولائی کے دوران خطہ پوٹھوہار،پشاور، نوشہرہ،گوجرانوالہ،گجرات،سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد میں موسلادھار بارشوں کا امکان ، محکمہ موسمیات کا انتباہ

محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ 30 اور31جولائی کے دوران اسلام آباد،راولپنڈی،خطہ پوٹھوہار،پشاور، نوشہرہ،گوجرانوالہ،گجرات،سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد میں موسلادھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں زیرآب آنے کا اندیشہ ہے،

اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ 30 اور31جولائی کے دوران اسلام آباد،راولپنڈی،خطہ پوٹھوہار،پشاور، نوشہرہ،گوجرانوالہ،گجرات،سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد میں موسلادھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں زیرآب آنے کا اندیشہ ہے،

موسلادھار بارشوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا (دیر، سوات، کوہستان، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ،شانگلہ، ایبٹ آباد)، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے،کشمیر، مری ، گلیات، شمال مشرقی پنجاب،اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، خیبر پختونخوا، ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں اور شمال مشرقی بلوچستان کے مقامی/برساتی ندی نالوں میں موسلادھار بارشوں کے باعث طغیانی کا خدشہ ہے،موسلادھار بارش ،تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنےکے باعث کمزور تعمیرات (سولر پینلز، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق (کل )جمعرات کوخیبرپختونخوا، اسلام آباد،بالائی/وسطی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور کشمیرمیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پرموسلادھار بارش کا امکان ہے۔ ملک کے جنوبی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔سب سے زیادہ بارش کشمیر میں مظفرآباد (ایئرپورٹ 98، سٹی 68)، گڑھی دوپٹہ 11، کوٹلی 05،پنجاب میں گوجرانوالہ 94، سیالکوٹ (سٹی 74، ایئرپورٹ 20)، مری 74،

جہلم 64، گجرات 55، منگلا 53، اسلام آباد (گولڑہ 63، بوکرا 30، زیرو پوائنٹ، سیدپور 23، ایئرپورٹ 05)، راولپنڈی (کٹاریاں 49، پیرودھائی 37، چکلالہ، شمس آباد 29، کچہری 19)، لاہور (ایئرپورٹ 23، سٹی 01)، حافظ آباد 17، نارووال 14، چکوال، شیخوپورہ، قصور 01، خیبر پختونخوا میں مالم جبہ 07، سیدو شریف، پاراچنار 05، دیر 04، کاکول 01، گلگت بلتستان میں بابوسر میں 03 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔بدھ کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت سبی،تربت،دالبندین 45 اور نوکنڈی میں44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔