لاہور میں 3 ہزار 755 کلو مردہ مرغیاں تلف، 14 فوڈ پوائنٹس کو2 لاکھ 16 ہزار روپے جرمانہ

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور میں خوراک کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر کریک ڈاون کے دوران 3 ہزار 755 کلو مردہ مرغیاں تلف کر دیں اور مختلف خلاف ورزیوں پر 14 فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر 2 لاکھ 16 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا

لاہور۔1جون (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور میں خوراک کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر کریک ڈاون کے دوران 3 ہزار 755 کلو مردہ مرغیاں تلف کر دیں اور مختلف خلاف ورزیوں پر 14 فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر 2 لاکھ 16 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق یہ کارروائیاں شہر کے مختلف علاقوں میں کی گئیں اور مجموعی طور پر 30 فوڈ پوائنٹس اور یونٹس کا معائنہ کیا گیا جہاں سابقہ دی گئی ہدایات پر عملدرآمد نہ ہونے پر قانونی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسی رضا نے بتایا ہے کہ ٹولنٹن مارکیٹ میں علی الصبح چکن سپلائرز کی خصوصی چیکنگ کی گئی اور اس دوران 3 ہزار 755 کلو مردہ مرغیاں برآمد ہوئیں جنہیں فوری طور پر تلف کر دیا گیا۔

ویٹرنری ماہرین نے مرغیوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور انہیں انسانی صحت کے لیے مضر قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ معائنے کے دوران متعدد فوڈ پوائنٹس پر بلیوں، مکھیوں اور مچھروں کی موجودگی پائی گئی جس پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ اسی طرح صفائی کے ناقص انتظامات، زنگ آلود اور گندے فریزرز، بدبودار ماحول اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیاں بھی سامنے آئیں۔ڈی جی نے کہا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب میں خوراک کا کاروبار کرنے والے تمام افراد اور اداروں کے لیے فوڈ قوانین پر مکمل عملدرآمد ضروری ہے۔

مزید خبریں