ریسکیو 1122 نوشہرہ نے گزشتہ ماہ کی كارگردگی رپورٹ جاری کردی

ریسکیو 1122 نوشہرہ نے گزشتہ ماہ کی كارگردگی رپورٹ جاری کردی ۔ترجمان ریسکیو 1122نوشہرہ کے مطابق گزشتہ ماہ مئی کے دوران ریسکیو1122 نوشہرہ نے 1719 حادثات میں خدمات فراہم کیں

پشاور۔ 01 جون (اے پی پی):ریسکیو 1122 نوشہرہ نے گزشتہ ماہ کی كارگردگی رپورٹ جاری کردی ۔ترجمان ریسکیو 1122نوشہرہ کے مطابق گزشتہ ماہ مئی کے دوران ریسکیو1122 نوشہرہ نے 1719 حادثات میں خدمات فراہم کیں، جن میں 225 ٹریفک حادثات شامل ہیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ملک اشفاق حسین نے ماہانہ رپورٹ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو 1122 نوشہرہ نے گزشتہ ماہ کے دوران اوسط رسپانس ٹائم 6.15 منٹ میں 1719 حادثات میں 1712 افراد کو مختلف ہنگامی صورتحال کے دوران بروقت پیشہ ورانہ سہولیات فراہم کیں۔ان حادثات میں ٹریفک 225، میڈیکل ایمرجنسی کے 1069، آگ لگنے کے 41، عمارت گرنے کے 2، جرائم یا گولی لگنے کے 33، ڈوب جانے کے 6, گرنے یادیگرہنگامی صورتحال کے 18 واقعات شامل تھے۔ان حادثات میں 1712 لوگ متاثر ہوئے جن میں 200 افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کردی گئی جبکہ 1512 افراد کو ریسکیو کرنے اور ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا. ان حادثات میں 42 افراد یا تو ریسکیو 1122 ایمبولینس میں یا ہسپتال پہنچنے پر جان کی بازی ہار گئے۔

ریسکیو 22 11 نوشہرہ کی زیر قیادت ریفریل ایمبولینس سروسز کی کارکردگی میں بھی بہتری دیکھنے میں آئی۔گزشتہ ماہ کے دوران ریسکیو اہلکاروں نے ریفریل ایمبولینس سروس کے ذریعے ٹوٹل 325 ایمرجنسی کال پر ایک ہسپتال سے دوسرے ہسپتال تک شفٹنگ کے خدمات سرانجام دیے۔جن میں 214 شفٹنگ ایمرجنسیز دوسرے اضلاع جبکہ 111 ایمرجنسیز کے دوران نوشہرہ کے مختلف ہسپتالوں میں مریضوں کو شفٹ کیا گیا۔گزشتہ ماہ کےدوران ریسکیو 1122 نوشہرہ کو 37 ہزار 500 کے قریب کالز موصول ہوئیں، جن میں 17 ہزار غیر ضروری کالز شامل ہیں۔ریسکیو 1122نوشہرہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری کالزسے اجتناب کریں تاکہ ایمرجنسی کالز پر بروقت کارروائی کرکے انسانی جانوں کو ضیاع سے بچایا جاسکے۔

مزید خبریں