ملک کے بڑے ہوائی اڈوں پر بعد از حج آپریشن کامیابی سے جاری، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر حجاج کرام کی وطن واپسی کے لئے بعد از حج آپریشن 2026 کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہے۔

کراچی۔1جون (اے پی پی):پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر حجاج کرام کی وطن واپسی کے لئے بعد از حج آپریشن 2026 کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہے۔پیر کوترجمان پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آج یکم جون 2026 کو جدہ سے آنے والی پہلی سرکاری واپسی حج پرواز SV5724 کے ذریعے 400 حجاج کرام وطن پہنچے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری، وزارت مذہبی امور، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی، اے ایس ایف اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے حجاج کرام کا استقبال کیا۔علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر لاہور کے لئے پہلی واپسی حج پرواز SV5734 پہنچی۔ صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق، ایئرپورٹ منیجر لاہور اور دیگر حکام نے حجاج کرام کا خیرمقدم کیا۔ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہلی بعد از حج پرواز، ایئر بلیو کی پرواز PA-873، 151 حجاج کرام کو لے کر جدہ سے پہنچی۔

استقبالیہ تقریب میں رکن قومی اسمبلی قاسم نون، ہوائی اڈے کے حکام اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان شریک ہوئے۔جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر ایئر سیال کی پرواز PF-723، جو کراچی کے لئے پہلی بعد از حج آمدی پرواز تھی، 159 حجاج کرام کو لے کر جدہ سے پہنچی۔ وفاقی وزیر کھیل داس کوہستانی، صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ، ایئرپورٹ منیجر اور دیگر حکام نے حجاج کرام کا استقبال کیا۔بعد از حج آپریشن کے دوران ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر حجاج کرام کی سہولت کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ ان کی آمد اور کلیئرنس کے مراحل خوش اسلوبی سے مکمل کئے جا سکیں۔

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ 30 مئی 2026 کو اسلام آباد پہنچنے والی پرواز ایک شیڈولڈ کمرشل پرواز تھی جس کے ذریعے نجی حج سکیم کے 114 حجاج کرام وطن واپس آئے تھے جبکہ یکم جون 2026 کو آنے والی پرواز SV5724 بعد از حج آپریشن 2026 کے تحت پہلی سرکاری واپسی حج پرواز تھی۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی وطن واپس آنے والے تمام حجاج کرام کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتی ہے اور ان کے حج کی سعادت کی قبولیت کے لئے دعاگو ہے۔